• news

4 خودکشیاں: گھریلو جھگڑوں پر لاہور میں 2 نوجوانوں نے زندگی ختم کر لی

لاہور (سٹاف رپورٹر) لاہور میں 2 نوجوانوں اور ٹنڈو الہ یار میں میاں بیوی نے زندگی ختم کر لی۔ لاہور کے 2 مختلف مقامات  میں گھریلو جھگڑے، ڈانٹ ڈپٹ  پر 2 نوجوانوں نے خود کشی کر لی۔ پولیس نے دونوں نوجوانوں کی نعشیں کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دیں۔ گڑھی شاہو کے علاقہ  میں 17 سالہ اسد کو گھر والوں نے فون پر باتیں کرنے سے منع کیا تو  اس نے دلبرداشتہ ہو کر مٹی کا تیل پی کر زندگی کا خاتمہ کر لیا، جسے فوری طور پر مقامی ہسپتال  طبی امداد کے لئے لے جایا گیا  جہاں پر ڈاکٹروں نے اسکی موت کی تصدیق کر دی  شفیق آباد کے علاقہ میں 18 سالہ جاوید نے گھریلو جھگڑے پر زہریلی گولیاں نگل کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ ٹنڈو الہ یار سے آئی این پی کے مطابق علاج کے لئے رقم نہ ہونے اور غربت کے سبب شوہر اور بیوی نے اجتماعی خود کشی کرکے زندگی کا ہمیشہ ہمیشہ کے لئے خاتمہ کر لیا۔  تعلقہ جھنڈو مری کے گاؤں سومار کوٹ میں رہائش پذیر ہندو برادری کے ایک جوڑے نے غربت کے سبب خود کشی کر لی۔ واضح رہے مذکورہ جوڑے راجو اور شگنی کے ایک سال قبل شادی کے بندھن میں بندھے تھے اور زندگی کا سفر صحیح سمت پر چل رہا تھا اچانک ایک بیماری نے راجو کولھی کو اپنا شکار بنا لیا جس کے سبب بیوی اور شوہر نے بیماری اور زندگی سے مایوس ہوکر گذشتہ شب اپنے ہی کمرے کی چھت میں رسہ ڈال کر خود کشی کر لی۔

ای پیپر-دی نیشن