سابق ایم پی اے بادشاہ میر خان آفریدی انتقال کر گئے، وزیراعلیٰ کا اظہار تعزیت
راولپنڈی + لاہور (اے پی پی/ خصوصی رپورٹر) سابق ایم پی اے بادشاہ میر خان آفریدی المعروف باشی خان طویل علالت کے بعد رضائے الہی سے وفات پا گئے۔ ان کی نماز جنازہ گزشتہ روز انکے آبائی قبرستان رتہ امرال میں ادا کردی گئی۔ نماز جنازہ میں مقامی مسلم لیگی قیادت سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں ، سماجی و عوامی شخصیات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے مسلم لیگ (ن) کے سابق ایم پی اے بادشاہ میر خان آفریدی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اپنے تعزیتی پیغام میں دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جواررحمت میں جگہ دے اور سوگوار خاندان کو یہ صدمہ صبر سے برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔