7 سال کی عمر میں اشتہاری ہونیوالی 22 سالہ لڑکی کی ضمانت منظور نہ ہوسکی
لاہور(اپنے نامہ نگار سے)7 سال کی عمر میں اشتہاری ہونیوالی 22 سالہ لڑکی کی ضمانت منظور نہ ہو سکی۔ ملزمہ کو آج دوبارہ سیشن کورٹ میں پیش کیا جائیگا۔ گذشتہ روز اغوا کیس کی ملزمہ راشدہ کو ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ کیس کی سماعت کے بعد فاضل عدالت نے سماعت آج تک کیلئے ملتوی کردی۔ استغاثہ کے مطابقگرین ٹائون کے فلک شیر نے 1999ء میں تھانہ گرین ٹائون میں مقدمہ درج کرایا اسکی بیوی زرینہ کو اسکے آشنا اشرف نے اغوا کیا ہے اور اسکی ڈیڑھ سالہ بچی فاطمہ بھی ساتھ لے گیا ہے۔ گرین ٹائون پولیس نے اشرف، اسکی 7 سالہ بہن راشدہ ، زرینہ سمیت 7 افراد کیخلاف مقدمہ درج کر لیا۔ اکرم وغیرہ 4 ملزمان کو گرفتار کر کے ان کا چالان فاضل عدالت میں پیش کردیا گیا جبکہ اشرف، زرینہ اور راشدہ کو اشتہاری قرار دیدیا گیا۔ اسی دوران اشرف کا انتقال ہو گیا اور پولیس اشتہاریوں کو ڈھونڈتی رہی اور آخر کار گذشتہ اتوار کو 7 سالہ اشتہاری ملزمہ راشدہ کو جو اب 22 سال کی ہو چکی ہے، کو گرفتار کر کے جیل بھجوا دیا۔ فاضل جج نے آج 15 فروری کو تھانہ گرین ٹائون پولیس سے ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔