• news

’’پائی پائی‘‘ کا حساب لینے کی بات کرنیوالے ’’بھائی بھائی‘‘ بن چکے: ممتاز بھٹو

جیکب آباد ( اے این این ) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما ممتاز بھٹو نے کہا ہے کہ علی بابا چالیس چوروں کا احتساب کرنے کا وعدے کرنے والے اپنے وعدوںسے مکر گئے ہیں۔ لیگی حکومت ہماری امیدوں پر پوری نہیں اتری، میاں نواز شریف نے انتخابات سے پہلے کہا تھا کہ قومی دولت لوٹنے والوں سے پائی پائی کا حساب لیا جائیگا مگر انتخابات کے بعد ’’پائی پائی‘‘ کا حساب لینے کی بات کرنیوالے ’’بھائی بھائی‘‘ بن چکے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیکب آباد میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما محمد اکرم ابڑو کی جانب سے دئیے جانیوالے استقبالیہ سے خطاب اور صحافیوں سے گفتگو میں کیا۔ انہوں نے کہاکہ زرداری حکومت سے نجات حاصل کرنے اور ملک کی ترقی کیلئے مسلم لیگ (ن) میں غیر مشروط شمولیت اختیار کی مگر مسلم لیگ (ن) میں سندھی بولنے والوں کی کوئی عزت نہیں ہے ہمیں مکمل نظر انداز کیا گیا جس کے باعث ہم نے پارٹی کے عہدوں اور امیر بخش بھٹو نے وفاقی وزارت سے استعفیٰ دیدیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کے بعد اب پارٹی تبدیل نہیں کرونگا، دن کو ایک پارٹی اور رات کو دوسری پارٹیاں تبدیل کرنیوالوں میں سے نہیں ہوں مسلم لیگ (ن) سے اختلافات ضرور ہے مگر پارٹی نہیں چھوڑونگا۔ ممتاز بھٹو نے مزید کہا کہ آصف زرداری پر 4قتل اور 13کرپشن کے مقدمات ہیں آئین کے آرٹیکل 62اور 63کے تحت وہ صدر نہیں بن سکتے تھے مگر انہوں نے قانون کی دھجیاں بکھرتے ہوئے خود کو صدر بنایا۔ ممتاز بھٹو نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ کراچی آپریشن میں صوبائی اور وفاقی حکومت دونوں ناکام ہوچکی ہیں۔ 

ای پیپر-دی نیشن