حافظ آباد: مقدمہ کی رنجش، بااثر چودھریوں کا محنت کش پر تشدد، برہنہ ویڈیو بنائی
حافظ آباد (نمائندہ نوائے وقت) نواحی گائوں بنگڑ میں بااثر چودھری مقدمہ کی رنجش پر غریب محنت کش پر ظالمانہ تشدد کر کے اسے برہنہ کر کے اس پر ڈنڈوں سوٹوں سے وحشیانہ تشدد کرتے رہے۔ ملزمان نے اسکے سر کے بال اور بھویں بھی مونڈ ڈالیں، ملزمان نے برہنہ حالت میں اسکی ویڈیو بھی بنائی اور اسے زبردستی گوبر کھلاتے رہے۔ گائوں جیدکے کے رہائشی محنت کش محمد ولائت کا بنگڑ کے بااثر چودھری محمد یونس اور رائے پرویز کے مابین مقدمہ بازی کے سلسلہ میں رنجش چلی آرہی تھی۔ ملزمان نے محمد ولائت کو بہانے سے اپنے ڈیرہ پر بلوایا جہاں سات مسلح افراد نے اس پر وحشیانہ تشدد کرتے ہوئے اسکے سر کے بال اور بھویں مونڈ ڈالیں۔ محمد ولائت کا کہنا ہے کہ ملزمان نے اسے برہنہ کر کے تشدد کا نشانہ بنایا اور اسے زبردست گوبر بھی کھلایا اور برہنہ حالت میں ویڈیو بھی بنائی۔ چودھریوں کے تشدد کا نشانہ بننے والے محمد ولائت کے بھائی محمد الیاس کا کہنا ہے کہ ملزمان انہیں قتل اور سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دے رہے ہیں اور اب ان سے ایک لاکھ روپے بھی مانگ رہے ہیں۔ محمد ولائت کی بیوی کا کہنا ہے کہ انکے 6 بچے ہیں ،دو بچے کینسر کے مہلک مرض میں مبتلا ہیں جبکہ ایک بچہ کینسر کی وجہ سے وفات پا چکا ہے۔ متاثرہ خاندان نے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سے مدد اور ملزمان کیخلاف کاروائی کی اپیل کی ہے۔ پولیس تھانہ کالیکی کے ایس ایچ او کا کہنا ہے کہ متاثرہ شخص کی جانب سے انہیں درخواست مل چکی ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لئے کاروائی شروع کی جا رہی ہے۔