• news

موجودہ صورتحال کے ذمہ داروں میں سیاستدان، جرنیل، ججز اور میڈیا بھی شامل ہیں: وزیر اطلاعات

اسلام آباد(ثناء نیوز) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات نے وزارت اطلاعات کو آئندہ مالی سال کے مجموعی بجٹ کی تمام تفصیلات کمیٹی ارکان کو فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ چار الگ الگ سب کمیٹیوں میں وزارت اطلاعات و نشریات کے بجٹ پر بحث کے بعد سفارشات کا اعلان کیا جائیگا۔ قائمہ کمیٹی نے وزارت اطلاعات کو چاروں صوبوں کے مشہور اور تاریخی و ثقافتی مقامات کے اپ گریڈیشن کے منصوبوں کو بجٹ میں شامل کرنے کی سفارش کر دی۔ کمیٹی نے صحافیوں پر ہونے والے حملوں، ٹارگٹ کلنگ کی تحقیقات، معاوضوں کی ادائیگی اور ان کے پیشہ وارانہ فرائض کیلئے سازگار ماحول کے بارے میں تجاویز مرتب کرنے کیلئے نعیمہ کشور کی سربراہی میں پانچ  رکنی سب کمیٹی قائم کر دی ہے کمیٹی کو آگاہ کیا گیا ہے کہ وزیراعظم نے بھی اس بارے میں  وزیر داخلہ اور وزیر اطلاعات و نشریات پر مشتمل دو رکنی کمیٹی قائم کی ہے جس نے کام شروع کر دیا ہے۔ قائمہ کمیٹی نے میڈیا کو پیش آنے والے ناخوشگوار  واقعات کے فوری سدباب کیلئے وفاقی و صوبائی وزارت داخلہ میں ہاٹ لائن اور خصوصی سیل قائم کرنے کی سفارش کی ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ موجودہ حالات کسی ایک طبقہ کے پیدا کردہ نہیں بلکہ اس میں سیاستدان، جرنیل، ججز، عدالتیں، دفاعی ادارے اور میڈیا بھی شامل ہے جس صورتحال کا سامنا ہے اس میں  سب نے اپنا حصہ ڈالا ہے سب کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرنا ہوگا۔ ملک کو محفوظ بنا کر ہی تمام طبقات کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔ قائمہ کمیٹی اطلاعات و نشریات کا اجلاس جمعہ کو کمیٹی کی چیئرپرسن ماروی میمن کی صدارت میں پارلیمنٹ ہائوس میں ہوا سیکرٹری اطلاعات و نشریات نے وزارت کے جاری ترقیاتی منصوبوں اور آئندہ کے مجوزہ منصوبوں پر بریفنگ دی۔ کمیٹی نے میڈیا یونیورسٹی کے قیام کی سفارش بھی کی ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ ہمیں ٹیکس گزاروں کی رقوم پر مبنی قومی خزانے کے استعمال کا احساس ہے ماضی میں جو کچھ ہوا اسے نہیں دہرایا جائیگا۔ ایک ایک پائی کا حساب کتاب رکھا جائے گا اور ایک پیسہ بھی کسی خفیہ کام کیلئے استعمال کیا جائے گا نہ اس کی گنجائش ہے انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی میں بہتری آرہی ہے۔ کمیٹی میں اے پی این ایس، سی پی این ای، پاکستان براڈ کاسٹنگ ایسوسی ایشن اور ایڈیٹرز کونسل کے نمائندوں نے صحافیوں کو درپیش مشکلات چیلنجز سے آگاہ کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ ہر دور میں میڈیا کو مختلف گروپس کی جانب سے نشانہ بنایا گیا تمام طبقات کو خطرات کا سامنا ہے۔ صحافیوں کو تحفظ فراہم کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن