کراچی میں مسلسل دہشتگردی معاشی حب کو غیر مستحکم کرنیکی کوشش ہے: الطاف حسین
لندن (این این آئی) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کراچی کے علاقے قیوم آباد سی ایریا میںرینجرز کے ونگ کمانڈر کی گاڑی پر خود کش حملہ کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی اور دھماکوں کے نتیجے میں 2رینجرز اہلکار کے زخمی خمی ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور ان کی جلد و مکمل صحتیابی کیلئے دعا کی ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کراچی میں دہشت گردوں کی جانب سے تسلسل کے ساتھ بم دھماکے اور دہشت گردی کی کارروائیاں ملک کے معاشی حب کراچی کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش ہے، کراچی میں بم دھماکے ملک کے استحکام اور سالمیت کے خلاف ہیں۔ خود کش بم دھماکے ذریعے طالبان نے پیغام دے دیا ہے کہ وہ مذاکرات کے آڑ میں ملک میں دہشت گردی کی کاروائیوں کا ہولناک سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ الطاف حسین نے صدر مملکت ممنون حسین، وزیراعظم نواز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ کراچی کے علاقے قیوم آباد سی ایریا میں رینجرز کے ونگ کمانڈر کی گاڑی پر حملے میں ملوث سفاک دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کو فی الفور گرفتار کیاجائے دہشت گردی کی کاروائیوں کے روک تھام کیلئے عملی نوعیت کے اقدامات بروئے کار لائے جائیں۔