ساہیوال اور گکھڑ منڈی میں بسنت، چار پتنگ باز گرفتار، متعدد کیخلاف مقدمات
لاہور+ ساہیوال+ گکھڑ منڈی (خصوصی رپورٹر+ نامہ نگاران) ساہیوال بھر میں بسنت پورے زور و شور سے منائی گئی پورے ساہیوال کی پولیس پتنگ بازوں کو پکڑ کر مقدمات درج کرتی رہی لیکن ضلعی انتظامیہ کی نااہلی کی وجہ سے اس پر قابو نہ پایا جا سکا اور نہ ہی پتنگ فروشوں کے خلاف کوئی خاص مہم شروع کی گئی جس کی وجہ سارا دن آسمان رنگ برنگے پتنگوں سے سجا رہا اور ڈور پھرنے کے معمولی واقعات میں چند افراد زخمی بھی ہوئے تاہم کوئی بڑا ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہوا۔ اہل شہر نے ضلعی انتظامیہ کی اس مسئلہ پر سستی اور کوئی ایکشن نہ لینے پر شدید احتجاج کیا ہے۔ مزید برآں پولیس تھانہ گکھڑ نے پتنگ بازوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مختلف جگہوں پر چھاپے مار کر حمزہ، احتشام، آفاق اور زین کو پتنگ بازی کرتے ہوئے گرفتار کر کے الگ الگ مقدمات درج کر لئے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے سنگھ پور ہ میں پتنگ کی ڈور پھرنے سے دو افراد کے زخمی ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس حکام اور ضلعی انتظامیہ سے رپورٹ طلب کر لی۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ پتنگ بازی پر پابندی کے قانون پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے۔ کسی بھی علاقے میں پتنگ بازی کی شکایت ملی تو متعلقہ حکام کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔