ژالہ باری کے باوجود لاہور کے طلبہ نے انسانی قومی پرچم بنا کر عالمی ریکارڈ بنگلہ دیش سے چھین لیا حمزہ شہباز کی قوم کو مبارک باد
لاہور (سپورٹس رپورٹر) لاہور میں موسلا دھار بارش بھی نوجوانوں کے حوصلے پست نہ کر سکی، پاکستانی طالب علموں نے دنیا کا سب سے بڑا انسانی پرچم بنانے کا گینز ریکارڈ دوبارہ اپنے نام کرلیا۔ نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں 29 ہزار 40 افراد نے مثالی نظم و ضبط اور جوش و جذبے کا مظاہرہ کرتے ہوئے بنگلہ دیش سے اپنا اعزاز واپس لے لیا۔ اس بات کا اعلان گینز کے نمائندے لیووگر نے نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں کیا۔ اس موقع پر لیووگر کاکہنا تھا اپنی زندگی میں دنیا بھر کے متعدد ممالک میں جا کر گینز ریکارڈ بنتے اپنی آنکھوں سے دیکھے ہیں لیکن پاکستانی نوجوانوں نے جس ڈسپلن اور صبر کا مظاہرہ کیا اس کی مثال ماضی میں نہیں ملتی۔ یاد رہے پاکستان نے گزشتہ برس یوتھ فیسٹیول کے دوران ہی دنیا کا سب سے بڑا انسانی پرچم بناکر گینز بک میں اپنا نام درج کرایا تھا جسے بنگلہ دیش نے 27ہزار 117 لوگوں کیساتھ توڑ دیا تھا۔ ہفتے کے روز خراب موسم کے باعث ایک موقع پر ایسا محسوس ہو رہا تھا شاید یہ ریکارڈ ملتوی ہوجائے لیکن طلباء اور انتظامیہ نے ثابت قدمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناموافق حالات کو شکست دے کر پاکستان کو ایک مرتبہ پھر سب سے بڑے قومی انسانی پرچم کا اعزاز واپس دلوا دیا۔ عالمی ریکارڈ کے دوران صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد، ڈائریکٹر جنرل پنجاب سپورٹس بورڈ عثمان انور سمیت آرگنائزرز فلک شگاف قومی نعروں سے نوجوانوں کے جذبات کو گرماتے اور انہیں قومی مقصد کے لئے ثابت قدم رہنے کی تلقین کرتے رہے۔ رواں برس عالمی ریکارڈ بنانے کا یہ پہلا مظاہرہ تھا جس میں پاکستانی طالب علم سرخرو رہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے پاکستانی بچوں نے دنیا کا سب سے بڑا انسانی پرچم بنا کر قوم کا سر فخر سے بلندکردیا ہے۔ ہمارے بچوں نے ملک کے لئے قابل فخر کارنامہ سرانجام دیا ہے۔ نونہالوں نے شاندار ڈسپلن اور نظم و ضبط کا مظاہرہ کرکے ثابت کر دیا وطن عزیز کا مستقبل روشن ہے۔ انہوں نے کہا وہ بچوں کے جذبہ حب الوطنی کو سلام پیش کرتے ہیں۔ نیا عالمی ریکارڈ قائم کرنے پر پوری قوم مبارکباد کی مستحق ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں پنجاب یوتھ فیسٹیول کے زیر اہتمام دنیا کا سب سے بڑا انسانی پرچم بنانے کی تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حمزہ شہباز شریف جو قومی اسمبلی کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے سپورٹس کے چیئرمین بھی ہیں نے اپنے خطاب میں کہا پاکستانی قوم میں بڑا دم ہے۔ ہماری نوجوان نسل کچھ کرگزرنے کے جذبے اور عزم و ہمت سے مالامال ہے۔ انہوں نے اس موقع پر طلباء کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا آپ نے دنیا کا سب سے بڑا انسانی پرچم ہونے کا اعزاز پاکستان کو دلوا کر وطن عزیز کا نام روشن کردیا ہے۔ انہوں نے کہا لاہور میں بارش تھمنے کا نام نہیں لے رہی تھی لیکن آپ کے جذبوں نے بھی تھمنے کا نام نہیں لیا۔ انہوں نے پنجاب کے نوجوانوں کو ’’پنجاب کے شیر‘‘ قرار دیا اور کہا ہم نوجوان نسل کے ساتھ مل کر پاکستان کو قائداعظمؒ کا روشن پاکستان بنائیں گے۔ انہوں نے کہا پنجاب حکومت نوجوانوں خصوصا ہونہار اور ذہین طالبعلموں کو تعلیمی مواقع اور کھیلوں کی سہولتیں فراہم کرنے کے لئے سنجیدہ اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا غریب اور مستحق مگر ذہین طالبعلموں کے لئے پنجاب حکومت نے 10ارب روپے کا انڈومنٹ فنڈ قائم کیا ہے جبکہ 2ارب روپے کا انڈومنٹ فنڈ ان کھلاڑیوں کے لئے قائم کیا گیا ہے جو غربت کی وجہ سے اپنی صلاحیتوں کے مظاہرے سے محروم رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا حکومت پنجاب کے اقدامات کی بدولت پاکستان کی نوجوان نسل پراعتماد انداز میں آگے بڑھ کر ملک کی باگ ڈور سنبھالنے کے لئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا پنجاب میں کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لئے سپورٹس یونیورسٹی قائم کرنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا اقبالؒ کے شاہین پنجاب یوتھ فیسٹیول کے سلسلے میں مزید عالمی ریکارڈ قائم کریں گے اور عالمی سطح پر 40 مزید نئے ریکارڈز قائم کرنے کا ہدف حاصل کرلیا جائے گا۔ این این آئی کے مطابق موسلادھار بارش اور ژالہ باری بھی نوجوانوں کے حوصلے پست نہ کر سکی۔
انسانی جھنڈا