ڈپٹی کمشنر کیچ عبدالحمید ابڑو سمیت تمام 8 مغوی رہا کر دیئے گئے
کوئٹہ (بی بی سی) بلوچستان میں حکام نے ایران سے متصل ضلع کیچ سے اغوا ہونے والے ڈپٹی کمشنر اور دو اسسٹنٹ کمشنروں سمیت آٹھ مغویوں کی رہائی کی تصدیق کر دی۔ ڈپٹی کمشنر کیچ عبدالحمید ابڑو اور اسسٹنٹ کمشنر تمپ حسین بلوچ کو اس وقت اغوا کیا گیا تھا جب وہ جمعرات کو ایرانی حکام سے ایک ملاقات کے بعد واپس کیچ آ رہے تھے۔ ان دونوں افسران کی رہائی کے لئے کوششیں کرنے والے مزید 6 افراد کو بھی اس واقعے کے ایک روز بعد اغوا کر لیا گیا تھا اور دوسرے روز اغوا ہونے والوں میں اسسٹنٹ کمشنر دشت اور ایک قبائلی شخصیت بھی شامل تھے۔ حکام نے ابتدائی طور پر 8 میں سے 5 مغویوں کی بازیابی کی تصدیق کی تھی۔ لیویز حکام نے ہفتے کی شب بقیہ تین افراد کی رہائی کی بھی تصدیق کی ہے۔