• news

سعودی ولی عہد شہزادہ سلمان اسلام آباد پہنچ گئے، نواز شریف نے استقبال کیا، صدر سے ملاقات

اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ سلمان بن عبدالعزیز  السعود پاکستان کے  تین روزہ دورے پر پہنچ گئے۔ وزیراعظم نواز شریف اور کابینہ کے سینئر ارکان نے سعودی ولی عہد کا خود چکلالہ ائربیس پر استقبال کیا۔ اسلام آباد پہنچنے پر سعودی ولی عہد  کو 19 توپوں کی سلامی پیش کی گئی۔ مسلح افواج کے چاک و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔ سعودی ولی عہد نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔ شہزادہ سلمان بن عبدالعزیز کی اسلام آباد آمد پر دارالحکومت کو خوبصورتی سے سجایا گیا ہے۔ شاہراہ دستور سمیت اہم شاہراہوں پر سعودی عرب کے حکمران شاہ عبداﷲ اور ولی عہد شہزادہ سلمان کی تصاویر اور پاکستانی و سعودی عرب کے پرچموں سے سجایا گیا ہے۔ سعودی ولی عہد کا دورہ پاکستان بڑی اہمیت کا حامل ہے۔ آج صدر ممنون حسین سعودی مہمان کے اعزاز میں ظہرانہ دیں گے۔ کل سعودی عرب کے ولی عہد وزیراعظم سے پاکستان سعودی عرب دوطرفہ تعلقات اور علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاع،  معیشت اور تجارت کے شعبوں میں کئی سمجھوتوں پر  دستخط ہوں گے۔ گارڈ آف آنر کے وقت چیئر مین جوائنٹ چیفس آف کمیٹی جنرل راشد محمود اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف سمیت  تینوں مسلح افواج کے سربراہ بھی موجود تھے۔ تاجروں کا وفد بھی  سعودی ولی عہد کے ساتھ آیا۔ سعودی ولی عہد وزیراعظم ڈاکٹر نواز شریف سمیت سیاسی و عسکری حکام سے ملاقاتیں کریں گے جس میں  باہمی دلچسپی سمیت دیگر معاملات پر تبادلہ خیال کیا جائیگا۔ ولی عہد بننے کے بعد ان کا پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہے، اس سے قبل 1998  میں وہ پاکستان آئے تھے۔ اْس وقت وہ ریاض کے گورنر تھے۔ صدر ممنون حسین اور  وزیراعظم نواز شریف کے علاوہ عسکری قیادت سے بھی ملاقات کریں گے۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات رہے ہیں لیکن گزشتہ سال جون میں نواز شریف کے وزیراعظم بننے کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان اعلیٰ سطحی رابطوں میں تیزی آئی ہے۔ رواں سال کے اوائل میں سعودی عرب کے وزیرخارجہ سعود الفیصل اور بعد ازاں نائب سعودی وزیر دفاع شہزادہ سلمان بن سلطان بن عبدالعزیز بھی پاکستان کا دورہ کر چکے ہیں۔ رواں ماہ  آرمی  چیف  جنرل راحیل شریف نے بھی سعودی عرب کا دورہ کیا تھا۔ حکام کے مطابق تقریباً 15 لاکھ پاکستانی سعودی عرب میں کام کر رہے ہیں جو ہر سال  4 ارب ڈالر بطور زرمبادلہ وطن بھیجتے ہیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق صدر ممنون حسین سے سعودی ولی عہد شہزادہ سلمان بن عبدالعزیز نے ملاقات کی جس میں پاکستان سعودی دوطرفہ تعلقات اور تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزارت داخلہ نے ولی عہد سلطان بن عبدالعزیز السعود او راعلی سطحی وفد کے دورہ پاکستان کے دوران ٹرپل ون بریگیڈ کو حفاظت کی ذمہ داریاں تفویض کر دیں۔ وزارت داخلہ کے اعلامیہ کے مطابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے سعودی ولی عہد کے دورہ کے دوران وزارت داخلہ کے ماتحت قانون نافذ کرنے والے اداروں کو چوبیس گھنٹے فضائی اور زمینی نگرانی کیلئے احکامات جاری کر دئیے ہیں۔پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر ڈاکٹر عبدالعزیز ابراہیم الغدیر سعودی ولی عہد شہزادہ سلمان بن عبدالعزیز کے اعزاز میں آج پنجاب ہائوس میں عشائیہ دیں گے۔ عشائیہ میں وزیراعظم سمیت اعلیٰ شخصیات شریک ہونگی۔

ای پیپر-دی نیشن