حکومت مذاکرات کیلئے مخلص ہے تو طالبان کو بھی ہونا چاہئے: فضل الرحمان
میانوالی (نمائندگان) جمعیت علما اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے جے یو آئی کنڈیال کے امیر مولانا نذیر کی وفات پر کندیاں میں ان کے بیٹے عبدالباسط سے اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر مولانا فضل الرحمان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جے یو آئی حکومت اور طالبان کے مذاکرات کے حق میں ہے اور روز اول سے امن کے داعی ہیں۔ انہوں نے کہا حکومت اگر مذاکرات کیلئے مخلص ہے تو طالبان بھی مخلص رہیں، یہ ملک ہم سب کا ہے۔ کوئی طالبان ہے یا نان طالبان، سب کو مل کر اسے دشمن سے بچانا ہے اور متحد ہو کر ہی ملک کو مسائل کی دلدل سے نکالیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ حل ہو جانا چاہئے۔ حالات زیادہ نازک اور ملک کو دشمن کے نرغے سے نکالنے پر آپس میں اتحاد کی ضرورت ہے۔ طالبان کو حکومت کی طرف سے مذاکرات کی دعوت سے فائدہ اٹھانا چاہئے اور مذاکرات میں سنجیدگی دکھائیں۔ تخریبی کارووائیاں اچھی نہیں ہیں۔ بھارت کو پاکستان کے ساتھ مل بیٹھ کر مقبوضہ کشمیر کے مسئلہ کے حل کے لئے سنجیدگی اختیار کرکے اس کا حل نکالنا چاہئے، ایٹمی جنگ کی طرف نہ جائیں۔