بھارتی کابینہ کی نئی دہلی میں صدارتی راج کی سفارش‘ عام آدمی پارٹی کا کرپشن کیخلاف احتجاج کا اعلان
نئی دہلی (آن لائن + اے پی اے) نئی دہلی میں کرپشن کیخلاف بل مسترد ہونے پر عام آدمی پارٹی کے وزیراعلیٰ اروند کجریوال اور انکی کابینہ کے مستعفی ہونے کے بعد صورتحال نے نیا رخ اختیار کرلیا ہے اور بھارت کی وفاقی کابینہ نے نئی دہلی میں صدارتی راج کے نفاذ کی سفارش کر دی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے استعفے کی منظوری کے بعد صدارتی راج 6 ماہ تک چلنے اور 6 ماہ میں نئی دہلی میں دوبارہ انتخابات کا امکان ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق نئی دہلی میں صدارتی نظام کے قیام کا نوٹیفکیشن آج جاری کر دیا جائیگا۔ اے پی اے کے مطابق بھارت کی عام آدمی پارٹی نے کانگریس اور بی جے پی کی کرپشن کے خلاف احتجاجی مہم کا اعلان کر دیا، انا ہزارے کی شمولیت کا عندیہ بھی مل گیا۔ مہم کی قیادت پارٹی کے سربراہ اروند کجریوال کریں گے۔عام آدمی کے سربراہ اروند کجریوال نے وزارت اعلیٰ سے مستعفی ہونے کے بعد ،بی جے پی اور کانگریس کے خلاف اینٹی کرپشن مہم کا اعلان کیا ہے۔ یہ مہم ہریانہ میں اور اترپردیش میں تئیس اور دو مارچ سے شروع کی جائے گی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق نیو دلی وزیراعلی اروند کیجروال کے استعفی کے بعد صوبے کی سیاست میں بھونچال آ گیا ہے اور وفاقی کابینہ نے نئی دلی میں حکومت سازی کے لئے دیگر جماعتوں کو حکومت سازی کی پیش کش کی ہے، کابینہ کی سفارشات کے مطابق اسمبلی میں موجود دیگر جماعتیں حکومت نہ بنا سکیں توآئندہ 6 ماہ میں انتخابات کرا دیئے جائیں گے۔ پی ٹی آئی کے مطابق نائب گورنر نے اسمبلی تحلیل کرنے کے مطالبے کو مسترد کر دیا ہے اور اسمبلی کو معطل رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔ دہلی کی ریاستی اسمبلی میں سب سے بڑی چماعت بی جے پی پہلے ہی حکومت بنانے سے انکار کرچکی ہے۔