کئی شہروں میں بارش‘ لاہورمیں ژالہ باری‘ ٹریفک حادثات‘ 14 افراد جاں بحق‘ متعدد زخمی
لاہور + فیصل آباد (سٹی رپورٹر+ نامہ نگاران + نمائندہ خصوصی) کئی شہروں میں بارش، لاہور میں ژالہ باری بھی ہوئی جبکہ ٹریفک حادثات میں 14افراد جاں بحق، متعدد زخمی ہو گئے۔ لاہور کے مختلف حصوں میں علی صبح شروع ہونے والی بارش کا سلسلہ دن بھر وقفے وقفے سے جاری رہا جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے موجودہ سسٹم اگلے 24 گھنٹوں تک برقرار رہنے کا امکان ہے تاہم راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور ڈویژن اور کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہنے کے علاوہ چند ایک مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔ پنجاب کے میدانی علاقوں میں آج دھند چھائے رہنے جبکہ ملک کے بالائی علاقوں میں سردی میں اضافہ کا امکان ہے۔ لاہور کے کئی مقامات پر ژالہ باری بھی ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش لاہور میں 06 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ کاکول میں 08 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ فیصل آباد میں شدید دھند کے باعث ٹریفک حادثات میں نوجوان جاں بحق جبکہ تین خواتین سمیت 9افراد شدید زخمی ہو گئے۔ لاٹھیانوالہ کے قریب شدید دھند کے باعث تیز رفتار کار آگے جاتے ہوئے ٹرک سے جا ٹکرائی جبکہ اسی دوران پیچھے سے آنیوالا تیز رفتار موٹرسائیکل بھی اْوپر چڑھ دوڑا 200 ر۔ب کا اسد مسیح زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر زندگی کی بازی ہار گیا جبکہ شہباز گارڈن کی 32سالہ مسز افضل، 166گ۔ب کا 45سالہ جعفر حسین اور 358گ۔ب کا مجاہد علی شدید زخمی ہو گئے۔ بھوآنہ سے آتی ہوئی ویگن لڑکیوں سے لدی ہوئی ٹریکٹر ٹرالی سے جا ٹکرائی جس کے باعث صائمہ بی بی، ساجدہ بی بی اور سارم شدید زخمی ہو گئے۔ ملت ٹاؤن کے قریب ٹریکٹر ٹرالی اْلٹنے سے 23 سالہ غلام غوث، 230گ۔ب کے صفدر کی کار سڑک کنارے درخت سے جا ٹکرائی جبکہ سمندری چک نمبر138ج۔ب کے قریب کیری ڈبہ اور ٹرک کے تصادم میں 20 سالہ امان اللہ شدید زخمی ہو گئے۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں شورکوٹ روڈ پر نواحی چک نمبر 311گ۔ ب کے قریب شدید دھند کے باعث کالج وین سڑک کنارے کھڑے خراب ٹرک سے ٹکرا گئی جس کے نتیجہ میں وین ڈرائیور سرفرازسکنہ 328گ۔ ب موقع پر ہی جاں بحق جبکہ 13طالبات شدید زخمی ہو گئیں،کالج وین شورکوٹ اور اس کے نواحی گائوں سے طالبات کو لیکر نجی کالج ٹوبہ ٹیک سنگھ آرہی تھی۔ ڈسکہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق علاقہ تھانہ موترہ جی ٹی روڈ پل نہر کے قریب بس، مزدا اور کار کے تصادم میں مزدا گاڑی کے ڈرائیور سمیت چار افراد ہلاک متعدد زخمی ہو گئے۔ سیالکوٹ کی جانب سے کار میں سوار تین افراد شاہد ندیم، شہباز سکنہ عدالت گڑھا، یاسین سکنہ ہنٹر پورہ سیالکوٹ آرہے تھے پل نہر موترہ کراس کیا تو ڈسکہ کی جانب سے بس تیز رفتاری سے آئی اور سائیڈ کرائی جس سے مزداگاڑی بی قابو ہو کر مذکورہ کار پر اْلٹ گئی کار میں سوار تینوں مذکوران موقع پر ہی دم توڑ گئے اور مزدا گاڑی میں سوار متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ مزدا ڈرائیور مشتاق احمد سکنہ بہاری پور ڈسکہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے بھی دم توڑ گیا۔ نوائے وقت نیوز کے مطابق ڈیرہ غازی خان میں انڈس ہائی وے سنجر سیداں کے مقام پر تیز رفتاری کے باعث بس اْلٹنے سے خاتون سمیت چار افراد جاںبحق جبکہ 33 زخمی ہو گئے۔ سرگودھا روڈ شاہ جیونہ پل دریائے چناب کے قریب تیز رفتار بس نے موٹر سائیکل سواروں کو کچل دیا، چچا اور کمسن بھتیجی موقع پر جاں بحق، والدہ شدید زخمی ہو گئی۔گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق اٹاوہ کے قریب تیز رفتار کار اور ٹرالے کے درمیان ہونے والے خوفناک تصادم کے نتیجے میں 2 دوست لقمہ اجل بن گئے جبکہ تین کو شدید زخمی حالت کے باعث ہسپتال داخل کروا دیا گیا۔ عبداللہ اپنے دوستوں اْسامہ ، ابوبکرخان، احد اور حمزہ عباسی کے ہمراہ کار میں سوار ہو کر جا رہے تھے اٹاوہ کے قریب انکی کار اور ٹرالے کے درمیان تیز رفتاری کے باعث ٹکر ہوگئی جس کے خوفناک تصادم میں پانچوں دوست شدید زخمی ہو گئے جبکہ واقعہ کی اطلاع پا کر ریسکیو 1122کی امدادی ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ گئیں۔ عبداللہ اور اْسامہ کچھ دیر موت وحیات کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد موت کی نیند سو گئے جبکہ دیگر زخمیوں کو ہسپتال میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، کار سوار پانچوں دوست لاہور جا رہے تھے۔ اٹاوہ کے قریب وہ حادثے کا شکار ہو گئے۔ علاوہ ازیں شجاع آباد سے نوائے قوت رپورٹ کے مطابق علی پور کے قریب ٹرک کی زد میں آ کر 3 موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہوگئے۔