• news

گوجرانوالہ: داخلہ نہ بھیجنے پر 45 طالبات کالج کی چھت پر چڑھ گئیں، کودنے کی کوشش

گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) گورنمنٹ ڈگری کالج پیپلز کالونی میں سیکنڈ ائر کی 45 طالبات اپنا داخلہ نہ بھجوائے جانے پر کالج کی چھت پر چڑھ گئیں اور وہاں سے کودنے کی کوشش کی، طالبات کا کہنا تھا کہ وہ گذشتہ کئی روز سے اپنا داخلہ بھجوانے پر پرنسپل کی منتیں کر رہی ہیں لیکن وہ ان کی بات ماننے کو تیار نہیں۔ انہوں نے ٹیچرز کے رویئے کیخلاف احتجاج کرتے الزام عائد کیا کہ بائیو کی ٹیچر صرف اپنی ٹیوشن پڑھنے والی بچیوں کا داخلہ بھجوا رہی ہے اور ان کا داخلہ روک رکھا ہے جبکہ کالج انتظامیہ کا کہنا ہے کہ 75 فیصد حاضری پوری نہ ہونے کے باعث ان کا داخلہ روکا گیا۔ طالبات کا کہنا ہے کہ حاضری رجسٹر کے مطابق ان کی 70 فیصد حاضری پوری ہے، طالبات نے کالج کی گرائونڈ میں پلے کارڈز اٹھا کر کالج انتظامیہ کے خلاف شدید احتجاج اور نعرے بازی کی اور داخلہ بھجوائے جانے کی اپیل کی جس پر کالج کی اعلیٰ انتظامیہ نے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو اس مسئلے کا فیصلہ کرے گی۔ دوسری طرف طالبات نے دھمکی دی ہے کہ اگر ان کا داخلہ نہ بھجوایا گیا تو وہ خودکشی کر لیں گی جس کی ذمہ داری ٹیچر اور کالج انتظامیہ پر ہو گی۔

ای پیپر-دی نیشن