سیالکوٹ، ڈاکٹروں، پولیس کی غفلت، شدید زخمی کو مردہ قرار دیدیا، رات بھر ڈیڈ ہائوس میں رہا
سیالکوٹ (نامہ نگار) ڈاکٹروں اور پولیس کی غفلت کے باعث حادثے میں شدید زخمی اور بے ہوش شخص کو مردہ قرار دیدیا گیا، بیچارے کو رات مردہ خانے میں گزارنی پڑی۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ حاجی پورہ کے علاقے عالم چوک کے قریب تیز رفتار رکشہ کی ٹکر سے سائیکل سوار محمد مالک سکنہ سرگودھا شدید زخمی اور بے ہوش ہو گیا۔ ریسکیو اہلکاروں نے اسے فوری سول ہسپتال منتقل کر دیا جہاں ڈاکٹروں اور پولیس نے اسے مردہ قرار دیدیا۔ پولیس نے زخمی شخص کو مردہ خانے منتقل کر دیا جہاں وہ ساری رات مردوں میں پڑا رہا، صبح ڈاکٹر نعیم الحسن نے پوسٹ مارٹم کیلئے ’’نعش‘‘ کا معائنہ کیا تو اسے پتہ چلا کہ یہ شخص تو زندہ ہے جس پر پولیس اہلکاروں نے محمد مالک کو فوری آئی سی یو میں منتقل کر دیا اور حادثے کا مقدمہ درج کر لیا۔