مسئلہ کشمیر جنوبی ایشیا میں تمام تنازعات کی جڑ ہے: یاسین ملک
سرینگر (آن لائن) چیئرمین جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ یاسین ملک نے مسئلہ کشمیر کو جنوبی ایشیاء کے تمام مسائل اور تنازعات کی جڑ قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب ملک اس مسئلے کو حل نہیں کیا جاتا خطے میں قیام امن کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ وقت آ گیا ہے کہ پاکستان، بھارت اور اقوام متحدہ کشمیریوں کو بحیثیت اصل فریق قبول کرتے ہوئے مذاکراتی عمل کا حصہ بنائے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق سرینگر میں منعقدہ ایک مذہبی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یاسین ملک نے کہا کہ ہمارے اسلاف نے ہمیں عزت وقار کے ساتھ زندگی گزارنے کا درس دیا ہے۔ کشمیری جدوجہد آزادی ایک مقدس تحریک ہے اور اس جدوجہد میں ہمارے ہزاروں شہدا نے قربانیاں دی ہیں۔ یاسین ملک نے کہا کہ مسئلہ کشمیر ایک پائیدار حقیقت ہے اور کروڑوں انسانوں کی آزادی کا مسئلہ ہے۔ پاکستان بھارت اور اقوام متحدہ کشمیریوں کی مالکانہ حیثیت تسلیم کرتے ہوئے مذاکراتی عمل میں شامل کریں تاکہ اس کا پائیدار اور دیرپا حل نکل سکے۔