• news

شام میں خونریزی جاری‘ مزید 27 افراد ہلاک‘ جنیوا مذاکرات بے نتیجہ ختم

جنیوا (اے پی پی+ بی بی سی اردو) شام میں خونریزی جاری، مزید 27 افراد ہلاک ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق حلب میں ایک جہادی شدت پسند گروہ اور اعتدال پسند باغیوں کے مابین ہونے والی جھڑپ میں 27افراد مارے گئے ۔رپورٹ کے مطا بق جنیوا میں بائیس جنوری سے شروع ہونے والے شامی امن مذاکرات کے بعد سے اب تک شام میں مجموعی طور پر پانچ ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ دوسری جانب جنیوا میں ہونے والے امن مذاکرات کا دوسرا دور بے نتیجہ ختم ہو گیا۔ شام کے تنازع کے حل کے لیے اقوامِ متحدہ اور عرب لیگ کے نمائندہ خصوصی الاخضر ابراہیمی نے سوئٹزرلینڈ میں منعقد امن مذاکرات کی ناکام پر شامی عوام سے معذرت کی ہے۔ شام کے صدر بشار الاسد اور شامی باغیوں کے نمائندوں کے درمیان جنیوا میں جاری مذاکرات کا دوسرے دور سنیچر کو مکمل ہو گیا اور الاخضر ابراہیمی کی ’ڈیڈ لاک‘ کے خاتمے کے لیے فریقین سے بات چیت کی آخری کوشش بھی ناکام رہی۔ مذاکرات کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس بات چیت کے بے نتیجہ رہنے کی بنیادی وجہ شامی حکومت کا عبوری حکومت کے بارے میں بات کرنے سے انکار تھا۔ سنیچر کو ہونے والی بات چیت صرف 27 منٹ جاری رہی جس کے بعد الاخضر ابراہیمی نے باہر آ کر کہا کہ وہ شامی عوام سے معذرت خواہ ہیں اور بات چیت نتیجہ خیز نہیں رہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن