بحریہ ٹاؤن انٹرنیشنل ویمن سکواش چیمپئن شپ، 4 ہزار ڈالر انعامی رقم مختص
بحریہ ٹاؤن راولپنڈی میں واقع سفاری کلب میں بحریہ ٹاؤن انٹرنیشنل ویمن سکواش چیمپئن شپ کے آغاز کے موقع پر پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ بحریہ ٹاؤن کے وائس چیف ایگزیکٹو کموڈور ریٹائرڈ ایم الیاس، پاکستان سکواش فیڈریشن کے اعزازی سیکرٹری گروپ کیپٹن عامر نواز اور بحریہ ٹاؤن پراجیکٹ انچارج مسز سطوت بابر مہمان خصوصی تھے۔ مقابلے میں چائنہ، سری لنکا، انڈیا، ساؤتھ کوریا کی کھلاڑیوں کے علاوہ پاکستان کی صف اول کی کھلاڑی ماریہ طور شرکت کر رہی ہیں۔ ٹورنامنٹ کا انعقاد 21 فروری سے 24 فروری تک ہو گا۔ ٹورنامنٹ جیتنے والی کھلاڑیوں کیلئے 4000 ڈالر کی انعامی رقم مختص کی گئی ہے۔ کموڈور ریٹائرڈ ایم الیاس نے کہا کہ ایسے وقت میں جب قومی کھیل مشکل حالات کا شکار ہیں، اس مقابلے کا انعقاد انتہائی خوش آئند ہے اور اس سے پاکستان کو بین الاقوامی کھیلوں میں ایک ممتاز حیثیت حاصل ہو گی۔