بلائنڈ کرکٹ : پاکستان نے بھارت کو سات وکٹوں سے شکست دیدی
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان بلائنڈ ٹیم نے بھارت کے خلاف ہوم سیریز کے افتتاحی میچ میں مہمان ٹیم کو سات وکٹوں سے شکست دیدی۔ باغ جناح کرکٹ گرائونڈ میں ٹی ٹونٹی سیریز کا افتتاح پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سید سلطان شاہ نے کیا جبکہ اس موقع پر کونسل کے دیگر اراکین بھی موجود تھے۔ ٹی ٹونٹی میچ بارش اور موسم کی خرابی کے باعث17، 17 اوورز تک محدود کر دیا گیا۔ پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی۔ بھارت نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 17وورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر158 رنز بنائے، ونکتیش نے 39 اور اجے ریڈی نے 28 رنز کی اننگز کھیلی۔ پاکستان کی جانب سے ساجد نواز نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں پاکستان کرکٹ ٹیم نے ہدف3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔ نثار علی 54 اور محمد جمیل49 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔ نثار علی کو شاندار بیٹنگ پر مین آف دی میچ کا انعام دیا گیا۔