ٹریفک حادثات : وہاڑی 6 فیصل آباد 5 فیروزوالہ اور ایمن آباد میں دو دو افراد جاں بحق
لاہور + فیروزوالا + فیصل آباد + وہاڑی (نامہ نگاران + نمائندہ خصوصی) ٹریفک حادثات میں وہاڑی میں 6، فیصل آباد میں خاتون سمیت 5 افراد، 10 سالہ بچی، فیروزوالا میں 2 نوجوان، عارف والا میں میاں بیوی سمیت 3، حویلی لکھا میں باپ بیٹا جب کہ ایمن آباد میں 2 افراد جاںبحق ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق فیروزوالا میں جی ٹی روڈ پر ٹریفک حادثات میں دو نوجوان جاںبحق اور دو بہن بھائی سمیت چار افراد زخمی ہو گئے۔ رچنا ٹائون کے قریب دو موٹرسائیکلیں ٹکرا گئیں موٹرسائیکلوں پر سوار دو نوجوان جاںبحق اور ان کا ساتھی سمیع اللہ زخمی ہو گیا۔ جی ٹی روڈ پر کھوڑی کے قریب ویگن بے قابو ہو کر گدھا گاڑی سے ٹکرا گئی جس کے باعث ریڑھی سوار بہن بھائی زخمی ہو گئے۔ لاہور روڈ پر تیز رفتار کار کی ٹکر لگنے سے راہگیر زخمی ہو گیا۔ وہاڑی لڈن روڈ پر موٹر سائیکل سوار کو بچاتے ہوئے مسافر بس الٹ گئی 4خواتین سمیت 6 افراد ہلاک جبکہ 5 خواتین اور 2 بچوں سمیت27 افراد زخمی ہوگئے۔ پرائیویٹ کمپنی کی بس نمبر5891/SGH فورٹ عباس سے فیصل آباد جا رہی تھی با غ ارائیاں کے مقام پر اچانک روڈ پر آنے والے موٹر سائیکل کو بچاتے الٹ گئی اور قلا بازیاں کھاتے ہوئے درخت سے جا ٹکرائی موٹر سائیکل سوار ممتاز احمد اور اسکی بیوی خاتون بی بی جو 35 ڈبلیو بی کے رہائشی تھے کے علاوہ بس میں سوار کلثوم بی بی حافظ آباد ، شگفتہ بی بی چشتیاں، ایک نامعلوم خاتون ہلاک ہوگئے جبکہ زخمیوں میں نذیر حاصل پور، صادق ، سمیع اللہ ڈاہرانوالہ، رخسانہ کوثر ٹوبہ ٹیک سنگھ، راشد ممتاز 35ڈبلیو بی، عائشہ بی بی، ممتاز، خوشی محمد، عاطف شہزاد، رشیداں بی بی، نسیم بی بی، اصغر، عذرا بی بی زوجہ معراج، بلقیس اختر، سمیرا بی بی، کوثر پروین، صادق، امتیاز رانا دلدار، یاسمین، سویرا، غشرہ شامل ہیں۔ فیصل آباد میں ٹریفک حادثات خاتون سمیت5 افراد جاں بحق جبکہ 2افراد شدید زخمی ہوگئے 40 سالہ غلام مصطفی اپنی 34 سالہ اہلیہ خالدہ بی بی کے ہمراہ موٹر سائیکل پر گوجرہ سے فیصل آباد آ رہا تھا گوجرہ بائی پاس کے قریب اس کی تیز رفتار موٹر سائیکل کے آگے کتا آ گیا جس سے وہ گر گئے۔ خالدہ بی بی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر جاں بحق ہوگئی۔ چک نمبر14 ج ب چنیوٹ کا 22 سالہ طالب علم غلام عباس گزشتہ رات اپنے ہاسٹل میٹ عثمان کے ہمراہ کار پر جارہا تھا اور عثمان نشے میں دھت تھا اسی دوران چنیوٹ بازار کے قریب کار بے قابو ہو کر کھمبے سے جا ٹکرائی عثمان اور غلام عباس موقع پر زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ چنیوٹ سے جھنگ روڈ کے قریب 2تیز رفتار موٹر سائیکلوں کے درمیان تصادم میں چک نمبر132 ج ب کا سالہ ڈاکٹر ایوب اور چک نمبر163 ج ب کارہائشی اسماعیل زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ ندیم کو تشویشناک حالت میں الائیڈ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ علاوہ ازیں گلشن علی اپنی بیٹی10سالہ علیشہ کے ہمراہ موٹر سائیکل پر سوار سرگودھا روڈ کی طرف جا رہا تھا اسی دوران سرگودھا روڈ سوئی گیس آفس کے قریب سامنے سے آتی ہوئی کار سے جا ٹکرائے۔ 10سالہ علیشہ شدید زخمی ہوگئی اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر زندگی کی بازی ہارگئی۔ علاوہ ازیں عارف والا میں ٹریفک کے المناک حادثہ میں میاں بیوی جواں سالہ بیٹے سمیت جاں بحق ہو گئے۔ 53.SP کا محمد علی اپنی بیگم نسیم بی بی و جواں سالہ بیٹے اسحاق کے ہمراہ موٹرسائیکل پر شادی کی تقریب میں شرکت کیلئے 50.SP جا رہا تھا 50.SPکے نزدیک مخالف سمت سے آنے والی تیز رفتار ویگن کی ٹکر سے محمد علی اور اس کی بیوی نسیم بی بی موقع پر جاں بحق ہوگئی جبکہ اس کا بیٹا شدید زخمی ہوگیا جو بعد ازاں مقامی THQہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا۔ علاوہ ازیں بصیرپور سے حویلی لکھا آتے ہوئے ماتاں والا پھاٹک کے نزدیک کار نے موٹر سائیکل کوٹکر مار دی جس کے نتیجے میں لکھا موچی پورہ کے موٹر سائیکل سوار باپ بیٹا احمد کمال اور باپ چراغ دین موقع پر جاں بحق ہو گئے۔ علاوہ ازیں موڑ ایمن آباد کے قریب کار اور ٹرالے کے حادثہ میں دو افراد ہلاک تین شدید زخمی ہو گئے ابوبکر ولد بریگیڈئر انجم خاں سکنہ ملتان کینٹ، عبداللہ نوشیرواں سکنہ چونڈہ، اسامہ سکنہ یزدمان منڈی، حمزہ عباس اور عبدل احد کار میں گوجرانوالہ سے لاہور کی طرف جا رہے تھے راستے میں پٹرول پمپ پی سی او بالمقابل الکرم ریسٹورنٹ کے سامنے یوٹرن لینے والے ٹرالے سے ان کی کار ایل ای اے 3201 پیچھے سے ٹکرا گئی جس کے نتیجہ میں چونڈہ کا عبداللہ نوشیرواں اور منڈی یزمان کا اسامہ موقع پر ہلاک ابوبکر، حمزہ عباس اور عبدل احد شدید زخمی ہو گئے۔
حادثات