• news

’’انڈیا شو‘‘ میں آنیوالے 119رکنی بھارتی وفد کا دورہ ننکانہ صاحب، مذہبی رسوم ادا کیں

ننکانہ صاحب (نامہ نگار) لاہور میں ہونیوالے ’’انڈیا شو‘‘ میں شرکت کیلئے آئے ہوئے 119رکنی وفد نے چیئرمین سارک فیڈریشن سردار وکرم سنگھ ثانی کی قیادت میں ننکانہ صاحب میں بابا گورونانک کی جنم بھومی گوردوارہ جنم استھان کا دورہ کیا۔ وفد کے ارکان نے گوردوارہ جنم استھان میں اپنی مذہبی رسومات ادا کیں اور گوردوارہ کے مختلف حصوں کو دیکھا۔ وفد کے ارکان نے بابا گورونانک کے پرکاش استھان پر ماتھا ٹیکا، خصوصی ارداس کی اور دیگر مذہبی رسومات ادا کیں وفد کے ارکان کو گوردوارہ انتظامیہ کی طرف سے سروپے اور پرشاد دیا گیا اس موقع پر پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے صدر سردار شام سنگھ ، مسلم لیگ ن کے ممبر صوبائی اسمبلی اور پارلیمانی سیکرٹری فوڈ چوہدری اسداللہ ، اوقاف بورڈ کے ایڈیشنل سیکرٹری فراز عباس اور گوردوارہ جنم استھان کے کیئر ٹیکر عتیق اللہ بھی موجود تھے۔ اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پنجابی ورلڈ آرگنائزیشن اور سارک فیڈریشن کے صدر سردار وکرم سنگھ ثانی نے کہا کہ لاہور میں ہونیوالا ’’انڈیا شو‘‘ دونوں ممالک کے تاجروں کیلئے سود مند ثابت ہوگا۔ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کیلئے تجارت کو فروغ دینا ہوگا۔

ای پیپر-دی نیشن