• news

عمران فاروق قتل کی تحقیقات کیلئے سکاٹ لینڈ یارڈ کو پاکستان تک رسائی دی جائے: لارڈ نذیر

اسلام آباد(آن لائن) برطانوی دارالامراء کے تاحیات رکن لارڈ نذیر نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر حکومت کی کرپشن کے حوالے سے مکمل دستاویزات وزیراعظم پاکستان کو دے دی ہیں، ان پر کیوں کارروائی نہیں ہوئی، آئندہ ہفتے ملاقات میں ان سے تفصیلات پوچھوں گا۔ ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل کے سلسلے میں سکاٹ لینڈ یارڈ کو تحقیقات کیلئے پاکستان تک رسائی دی جائے، پاکستان بھارت مذاکرات خوش آئند ہیں مگر کامیابی کا امکان نہیں، گلگت بلتستان کو آزاد کشمیر کا نہیں بلکہ کشمیر کا حصہ سمجھتا ہوں، برطانیہ میں ایک دہشت گرد تنظیم نے کراچی کے اندر عسکری ونگ کے ساتھ عسکری کیمپ بھی بنا لئے ہیں، چیف جسٹس آف پاکستان کا شکرگزار ہوں کہ انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات کے ازالے کیلئے خصوصی سیل قائم کیا ہے۔ اتوار کو یہاں نیشنل پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان سے ہماری محبت غیر مشروط ہے، امت مسلمہ کے مسائل کے حل کیلئے پاکستان، ایران اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کو خوشگوار بنانے کیلئے تاریخ ساز کردار ادا کرسکتا ہے، پاکستان، ایران، ترکی، سعودی عرب اور ملائشیا کا ایک مسلم کمیونٹی بلاک بننا چاہئے جو امت مسلمہ کے مسائل حل کرنے میں کردار ادا کرے، پاکستان پر پابندیوں کی وجہ سے ایران کے ساتھ تجارتی تعلقات بند ہیں، جس کی وجہ سے پاکستان کو تجارت میں سالانہ  اربوں کا نقصان ہورہا ہے، انہوں نے کہا کہ برطانوی وزیر دفاع کا دورہ پاکستان مشرف کو چھڑانے کیلئے نہیں تھا بلکہ وہ پاکستان کا جائزہ لینے کیلئے آئے تھے، انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں کرپشن پر وزراء جیل جاتے ہیں جبکہ پاکستان میں اس کو وزراء اپنے لئے اعزاز سمجھتے ہیں، پاکستان میں انتہا پسندی  بڑھ رہی ہے، جو بم دھماکے ہورہے ہیں اس سے پاکستان کا وقار مجروح ہو رہا ہے۔ لارڈ نذیر نے کہا وزیراعظم نوازشریف اور وزیرداخلہ چوہدری نثار سے جلد ملاقات کروںگا جس میں ائرپورٹ پر اوورسیز پاکستانیوں کی مشکلات سے آگاہ کروں  گا، ائرپورٹ کرپشن کا گڑھ بن چکا ہے۔ انہوں نے پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ اور نیشنل پریس کلب کے صدر شہریار خان کو خصوصی شیلڈ بھی دیں۔

ای پیپر-دی نیشن