مقبوضہ کشمیر : بھارتی فوج نے نوجوان شہید کر دیا‘ پتھری بل جعلی مقابلے کا مقدمہ دوبارہ کھولنے کا مطالبہ
سرینگر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران اتوار کو سوپور میں ایک کشمیری نوجوان کو شہید کر دیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فوجیوں نے محمد شفیع شیخ نامی نوجوان کو سوپورکے علاقے سیلومیں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا۔ آخری اطلاعات ملنے تک علاقے میں فوجی کارروائی جاری تھی۔ مقبوضہ کشمیر میں لاپتہ افراد کی تنظیم اے پی ڈی پی نے بدنام زمانہ پتھری بل جعلی مقابلے کے مقدمے کوبھارتی فوج کی طرف سے بند کرنے کے خلاف سرینگر کے پرتاپ پارک میں احتجاجی دھرنا دیا اور مقدمے کو دوبارہ کھولنے کا مطالبہ کیا۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق اے پی ڈی پی کی رہنما پروینہ آہنگر نے اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پتھری بل جعلی مقابلے کے مقدمے کو بند کرنے کے اقدام نے ایک بار پھر یہ ثابت کر دیا ہے کہ فوج سنگین جرائم میں ملوث اپنے افسروں اور اہلکاروںکو تحفظ دے رہی ہے۔ مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے سوپور کی معروف سماجی شخصیت ماسٹر غلام احمد گنائی اور کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما بلال غنی لون کے نانا کی وفات پر رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔