وزیراعظم کا آج دورہ کراچی منسوخ منسوخی 23 اہلکاروں کے قتل کے واقعہ کے باعث ہوئی:ذرائع
کراچی (اے پی اے) وزیراعظم نواز شریف نے طالبان کی جانب سے 23 ایف سی اہلکاروں کے قتل کے بعد آج سے اپنا کراچی کا دورہ منسوخ کردیا۔ ذرائع کے مطابق یہ دورہ مذاکرات میں ڈیڈلاک آنے کے بعد دورہ منسوخ کیا۔ دورے کے دوران وزیراعظم نے کراچی میں امن و امان کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرنا تھی۔ انہوں نے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے تحت منعقدہ ایکسپورٹ ٹرافی ایوارڈ کی تقریب میں بھی شریک ہونا تھا جو اب منسوخ کر دی گئی ہے۔ وزیراعظم کی کراچی آمد کے بعد گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیراعلی قائم علی شاہ سے بھی ملاقات متوقع تھی۔ ذرائع کے مطابق امن وامان سے متعلق ہونیوالے اجلاس میں قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے اعلیٰ افسروں کو وزیراعظم کو کراچی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن کے بارے میں بریفنگ دینا تھی۔ اجلاس میں آپریشن پر سیاسی جماعتوں کے تحفظات دور کرنے اور تیسرے مرحلے کا آپریشن موثر بنانے سمیت آپریشن مانیٹرنگ کمیٹی کا اعلان بھی متوقع تھا۔