فیصل آباد : زرعی یونیورسٹی میں نیزہ بازی کے انٹرنیشنل مقابلوں کا دوسرا روز
فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں جاری چھ روزہ بین الاقوامی نیزہ بازی مقابلے دوسرے روز بھی جاری رہے اور قومی و بین الاقوامی کھلاڑیوں نے سنگل نیزہ بازی مقابلوں میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے۔ دوسرے روز وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر اقرار احمد خاں کے ہمراہ پاکستان میں نیپال کے سفیر بھرت راج پڈھیال اور عورت فائونڈیشن کی چیئرپرسن سیمی کمال نے خصوصی طور پر نیزہ بازی کے مقابلے دیکھے۔ پاکستان میں اپنی نوعیت کے پہلے بین الاقوامی نیزہ بازی مقابلوں میں آسٹریلیا‘ برطانیہ‘ جنوبی افریقہ‘ امریکہ‘ جرمنی‘اومان ‘یمن اور یو این او کی نیزہ باز ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ دوسرے روز مقابلوں کی خاص بات پاکستان میں نیزہ بازی کے روح رواں 72سالہ نیزہ باز ملک عطاء محمد کا شاندار کھیل تھا جنہوں نے نیزے کے ساتھ ساتھ تلوار سے بھی جوہر دکھائے جنہیں شائقین نے خوب سراہا۔