اوگرا تقرری کیس: گیلانی اور پرویز اشرف احتساب عدالت میں پیش یوسف گیلانی کو حاضری سے استثنیٰ
اسلام آباد (آن لائن+ آئی این پی) اوگرا تقرری کیس میں سابق وزرائے اعظم راجہ پرویز اشرف اور یوسف رضا گیلانی احتساب عدالت میں پیش ہو گئے۔ احتساب عدالت نے یوسف رضا گیلانی کو سکیورٹی رسک کی بنیاد پر عدالت میں حاضری سے استثنیٰ دے دیا اور کیس کی سماعت 5 مارچ تک ملتوی کر دی۔ یوسف رضا گیلانی کے وکیل امجد قریشی نے عدالت سے استدعا کی ان کے موکل کا عدالت میں پیش ہونا خطرے سے خالی نہیں جبکہ یوسف رضا گیلانی کا بیٹا پہلے ہی بازیاب نہیں ہو سکا انہیں حاضری سے مستقل استثنیٰ دیا جائے جس پر عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی کو حاضری سے استثنیٰ دے دیا۔ عدالت کے باہر یوسف رضا گیلانی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پیپلزپارٹی کے رہنمائوں کیلئے یہ پہلا موقع نہیں بلکہ پیپلزپارٹی کے تمام رہنمائوں نے ہر دور میں عدالتوں کا احترام کرتے ہوئے ان کا سامنا کیا۔ انہوں نے کہا پیپلزپارٹی نے ملک کو آئین دیا۔ اس کی حفاظت کرنا بھی ان کی ذمہ داری ہے۔ گیلانی اور پرویز اشرف ایک ہی بلٹ پروف گاڑی میں سوار ہو کر احتساب عدالت پہنچے، یوسف رضا گیلانی گاڑی خود چلا کر آئے، عدالت کے باہر پیپلز پارٹی کے سینکڑوں جیالے یااللہ یارسول یوسف رضا گیلانی بے قصور کے نعرے لگاتے رہے۔ سکیورٹی کے سخت انتظامات کرتے ہوئے احتساب عدالت کی طرف جانے والے راستوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔