• news

کراچی میں نعشیں گرتی رہیں ‘ مذہبی رہنما‘ ایم کیو ایم کارکن سمیت 15 قتل

کراچی (کرائم رپورٹر)  کراچی میں قتل و غارت  کا سلسلہ جاری، منگل کو بھی دینی مدرسے کے   معلم اور متحدہ قومی موومنٹ کے کارکن سمیت 15 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا جبکہ فائرنگ سے  پانچ   افراد زخمی  بھی ہوئے۔  تفصیلات  کے مطابق کورنگی کے علاقے مہران ٹائون سیکٹر -6 اے میںعثمانیہ مسجد کے نزدیک  پیر اور منگل کی درمیانی شب تین مسلح  ملزمان نے مدرسہ  تدریس القرآن کے معلم قاری عبدالرئوف کو گھر میں گھس کر بیوی بچوں کے سامنے گولیاں مار دیں جس سے وہ جاں بحق ہو گئے۔ ادھر سرجانی ٹائون کے علاقے  میں ناردرن  بائی پاس زیرو پوائنٹ  کے قریب جھاڑیوں  سے چار افراد کی ہاتھ پائوں  بندھی نعشیں ملیں جنہیںگولیاں  مار کر ہلاک   کیا گیا تھا پولیس کے مطابق 30   سے 35سال کی عمر کے چاروں افراد افغان باشندے تھے جن کی شناخت سمیع اللہ‘  محمد فیصل‘  حفیظ اللہ  اور حسیب اللہ کے ناموں  سے ہوئی۔ نعشوں کے قریب  سے نائن ایم ایم پستول کی گولیوں کے 7 خول  بھی   ملے۔ اس کے علاوہ  اورنگی  ٹائون کے سیکٹر  ساڑھے گیارہ مخدوم شاہ کالونی میں سفید چوک کے نزدیک  موٹر سائیکل سوار مسلح افراد 35سالہ سید  فیروز حسین کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔ فیروز حسین کے ایم  میں ملازم   متحدہ قومی موومنٹ  کا کارکن تھا، اورنگی   ٹائون کے علاقے  رئیس امرہوی کالونی  میں بھی مسلح افراد  نے 25 سالہ عظیم ظفر رضوی  کو  فائرنگ  کر کے ہلاک کر دیا جو  سنار کا کام کرتا تھا۔ جمشید کوارٹر کے  علاقے پٹیل پاڑہ میں فاطمہ  بائی ہسپتال  کے قریب موٹر سائیکل  سوار افراد نے ہائی  روف  میں سوار 46 سالہ چوہدری رشید  احمد کو فائرنگ   کر کے  ہلا ک کر دیا مقتول کا تعلق رحیم یار خان سے تھا اور وہ لیاقت آباد میں ڈاکخانہ  سٹاپ پر دہی پھلکی کا ٹھیلا  لگاتا تھا کچھ عرصہ قبل مقتول کو بھتہ کی  پرچیاں ملی  تھیں۔ ادھر   گلستان جوہر کے علاقے  مٹھیائی  آباد   کی  گلی  نمبر 7 میں بھی  نامعلوم افراد کی فائرنگ سے عاشق نامی شخص مارا گیا جو چنیوٹ  کا رہنے والا تھا۔ ادھر شرافی گوٹھ کے علاقے  میں ملیر ندی   سے نوجوان   25 سالہ میوولا اصغر علی کی لاش ملی جسے گردن   او ر  سینے  پر گولیاں ما ر کر   ہلاک کیا گیا تھا۔ دریں اثناء نارتھ  کراچی میں کباب ہائوس پر مسلح  افراد کی فائرنگ سے تین افراد عبدالواحد‘  محمد نواز اور غوث محمد  زخمی  ہوگئے۔ جبکہ سلیم  سینٹر کے نزدیک   مسلح  افراد نے  25 سالہ فہد اور 24 سالہ فصیح   کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا۔ دوسری طرف لیاری کے علاقے گل محمد لین میں گینگ وار ملزمان اور جرائم پیشہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر رینجرز نے ٹارگٹڈ آپریشن کیا۔ گھر گھر تلاشی کے دوران دو افراد کو گرفتار کر کے مختلف اقسام کے 21 ہتھیار برآمد کئے۔ بلدیہ اتحاد ٹائون میں حساس اداروں اور پولیس نے کارروائی کر کے کالعدم تحریک طالبان کے تین کارندے گرفتار کر لئے۔ پولیس کے مطابق تینوں ملزم چندہ اکٹھا کرنے اور نوجوانوں کو ٹریننگ کے لئے مہمند ایجنسی بھجوانے میں ملوث ہیں، ملزموں سے ہینڈ گرینیڈ اور ہتھیار بھی برآمد ہوئے۔ ماڑی پور ٹرک اڈہ پر فائرنگ کر کے رحمن شاہ جبکہ گلشن اقبال میں حفیظ الرحمن کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔ اورنگی ٹائون میں رات گئے فائرنگ سے ایک نوجوان کی موت ہو گئی۔علاوہ ازیں نیپا چورنگی کے قریب نامعلوم افراد کی نیپا چورنگی پر آئس کریم کی دکان پر فائرنگ سے میاں بیوی سمیت 3 ہلاک ہوگئے۔ نعشوں اور زخمیوں کو عباسی شہید ہسپتال  منتقل کر دیا گیا ہے مرنے والوں کی شناخت کا فوری پتہ نہ چل سکا۔ 

ای پیپر-دی نیشن