ناجائز تعلقات کا الزام، زمیندار نے پنچایت بلا کر محنت کش کی 11 سالہ بیٹی کا 8 بچوں کے باپ سے شادی کا فیصلہ سنا دیا
شاہ جمال (نامہ نگار) تعلقات کے شبہ پر بااثر زمیندار نے پنچایت بلا کر محنت کش کی 11 سالہ بچی کی آٹھ بچوں کے باپ سے شادی کا فیصلہ سنا دیا۔ انکار پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں‘ تھانہ روہیلانوالی میں مظلوم خاندان کے خلاف جھوٹا پرچہ درج کرادیا۔ نواحی علاقے رکھ حسن پور کچا کے رہائشی غریب محنت کش غلام رسول کا رفیق سے جائیداد کا تنازعہ تھا۔ غلام رسول نے رفیق سے کہا وہ اس کی زمین کا قبضہ چھوڑ دے جس پر وہ دھمکیوں پر اتر آیا اور بااثر زمیندار جام شاہد سے ملی بھگت کر کے غلام رسول کے بیٹے غلام عباس کیخلاف اپنی بیٹی کے ساتھ ناجائز تعلقات کا الزام لگا دیا۔ جام شاہد ماڑھا نے پنچایت بلائی اور بے گناہی کے باوجود فیصلہ صادر کیا کہ غلام رسول اپنی 11 سالہ ثمینہ بچی کی شادی 8 بچوں کے باپ 50 سالہ رفیق کے ساتھ کردے۔ غلام رسول نے ڈی پی او ضلع مظفرگڑھ سے انصاف کی فراہمی میں مدد کرنے اور بے بنیاد مقدمے کے اخراج کا مطالبہ کیا ہے۔