اسحاق ڈار کی گورنر سندھ سے ملاقات، سیاسی و اقتصادی صورتحال پر گفتگو
کراچی (ثنا نیوز+ نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے گزشتہ شام گورنر ہائوس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد سے ملاقات کی۔ ملاقات میں سیاسی، معاشی اور اقتصادی صورتحال تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر اسحاق ڈار نے بتایا کہ رواں سال پاکستان کی اقتصادی اور معاشی نمو میں بہتری کیلئے اہم اقدامات کئے گئے ہیں جس کے عنقریب مثبت نتائج برآمد ہونگے۔ انہوں نے بتا یا کہ صوبے اور شہر میں میگا پروجیکٹس پر وفاقی حکومت بھرپور تعاون جاری رکھے گی۔ اس سلسلے میں مطلوبہ فنڈز بھی جاری کئے جارہے ہیں تاکہ پروجیکٹس اپنے مقررہ وقت پر ہی مکمل ہو سکیں، سرکلر ریلوے کی بحالی سے شہر میں ٹریفک کی روانی میں کا فی حد تک کنٹرول حاصل ہو سکے گا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ شرح نمو کو بڑھانے کیلئے ضروری ہے کہ اقتصادی طور پر کراچی کو پوری طریقے سے متحرک کیا جائے۔ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے میں ہی ملک کی بقا ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے قیام امن کیلئے مذاکرات کا راستہ اختیار کیا۔ کراچی روشنیوں کا شہر ہے۔ اسکی روشنیاں واپس لانا چاہتے ہیں۔ دریں اثناء وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت قائم ہونے کے بعد ملکی معیشت کی بحالی کیلئے جو کوششیں شروع کی گئی تھیں اب انکے نتائج آنا شروع ہوگئے ہیں، ملکی سٹاک مارکیٹ بہترین کارکردگی کی وجہ سے اس وقت دنیا کی بہترین مارکیٹوں میں شمار کی جانے لگی ہے، جہاں سرمایہ کاروں کو50فی صد سے زائد کے ریٹرن ملے ہیں، اسکے علاوہ سٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کا حجم بڑھ کر ساڑھے 6ٹریلین سے بھی بڑھ چکا ہے تاہم ان کا کہنا تھا کہ ملکی ترقی کیلئے ٹیکس ٹو جی ڈی پی شرح میں اضافے کی اشد ضرورت ہے، اس کے علاوہ ملک میں انوسٹرز بیس بڑھانے کی ضرورت ہے، وہ گزشتہ روز گورنمنٹ سیکیورٹیز کی سٹاک مارکیٹ میں ٹریڈنگ شروع ہونے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ یہ ایک تاریخی موقع ہے جب ملک میں پہلی بار سیکنڈری مارکیٹ کا قیام عمل میں آیا ہے اور اب ٹی بلز، پاکستان انوسٹمنٹ بانڈز، ٹی ایف سی اور سکوک سمیت تمام گورنمنٹ سیکیورٹیز کی سٹاک مارکیٹ میں ٹریڈنگ شروع کردی گئی ہے، انکا کہنا تھا کہ اب نہ صرف بینک اور بڑے انسٹیٹیوشنز بلکہ چھوٹے اور ریٹیل انوسٹرز میں گورنمنٹ سیکورٹیز کی ٹریڈنگ میں حصہ لے سکیں گے۔ انکا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں سیکنڈری مارکیٹیں بہت بڑی اور مضبوط ہیں لیکن بدقسمتی سے پاکستان میں اب تک اس جانب توجہ نہیں دی گئی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ پڑوسی ملک بھارت میں سیکنڈر ی مارکیٹ کے ذریعے اربوں روپے کی ٹرانزیکشنز ہوتی ہیں۔اب سیکنڈری مارکیٹ کے قیام سے مزید سرمایہ کار اس مارکیٹ میں آئیں گے تو انوسٹرز بیس میں نمایاں اضافے کی توقع ہے۔ مزید براں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ سیکورٹی مسائل کے باوجود معیشت کاگراف نیچے نہیں کرنے دیں گے۔ رواں مالی سال کے پہلے چھ مہینوں میں حکومتی کارکردگی مثبت رہی ہے، عالمی برادری میں ساکھ بہتر ہورہی ہے، عالمی سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھ رہا ہے۔ سٹیٹ بینک آفس میں (ایچ ایس بی سی) بینک انتظامیہ کے وفد کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے چیف ایگزیکٹو شریڈ کوپرکولز کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔ مزیدبرآں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے امریکی اخبار وال سٹریٹ کو انٹرویو میں کہا ہے کہ امید ہے پاکستان متعدد اداروں کی نجکاری کے ذریعے لاکھوںڈالرز کا ریونیوحاصل کرنے میں کامیاب ہوجائے گا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ نجکاری کے ساتھ ساتھ تھری جی اور فور جی سپیکٹرم کی نیلامی کے ذریعے بھی بھاری ریونیو اکٹھا کیا جائے گا۔