• news

چین کے ساتھ دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے: سرتاج عزیز

اسلام آباد (آن لائن + نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم کے  قومی سلامتی اور امور خارجہ کے مشیر سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ چین کے ساتھ دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے۔ پاکستان اور چین کے مابین بہترین تعلقات ہیں جو کہ موجودہ دور میں بین الریاستی تعلقات کی شاندار مثال ہے۔ دونوں ملکوں کی قیادت اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کرنا چاہتی ہے، مختلف شعبوں میں تعاون سے خطے کی اقتصادی شکل بدل جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چین کی کمیونسٹ پارٹی کے شعبہ بین الاقوامی تعلقات کے نائب وزیر ای پنگ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم کے مشیر نے چین کے نائب وزیرکا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ معاشی تعلقات کی مزید مضبوطی دونوں ممالک کی قیادت کی اولین ترجیح ہے چین کے نائب وزیر ای پنگ نے کہا کہ دونوں ملکوں کے مابین ہر آزمائش میں پوری اترنے والی دوستی صحیح سمت کی طرف بڑھ رہی ہے۔ پاکستان کی سیاسی پارٹیوں اور چین کی کمیونسٹ پارٹی کے مابین تعلقات عوام سے عوام کے رابطے کو مزید مضبوط کریں گے اور اس سے دونوں ملکوں کے مابین قریبی تعلقات مزید گہرے ہوں گے۔

ای پیپر-دی نیشن