• news

پاکستانی حکومت اور طالبان میں مذاکرات سے ہمارا کوئی تعلق نہیں: امریکی سفیر

جیکب آباد (آن لائن) امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے کہا ہے کہ پاکستان حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات سے ہمارا کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی ہم اس پر کوئی تبصرہ کر سکتے ہیں۔ حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے پاکستان میں قیام امن کے لیے امریکہ پاکستان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے ڈرون حملوں کے متعلق امریکی صدر بارک اوباما نے اپنی واضح پالیسی پیش کی ہوئی ہے جس پر اب کوئی بات اور تبصرہ نہیں کر سکتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیکب آباد شہر کے لیے پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور نکاسی آب کے منصوبے کی افتتاحی تقریب اور صحافیوں سے گفتگو کر تے ہوئے کیا، منصوبے پر 36 ملین امریکی ڈالر خرچ ہونگے اور یہ منصوبہ 2015ء تک مکمل ہو جائے گا۔ اس موقع پرامریکی قونصل جنرل مائیکل ڈاڈمین، یو ایس ایڈ پاکستان کے سربراہ گریک گاٹلیب، صوبائی وزیر میر ہزار خان بجارانی، صوبائی وزیر ممتاز خان جکھرانی، کمشنر لاڑکانہ سعید احمد، ایڈیشنل چیف سیکرٹری محمد وسیم، ڈی سی جیکب آباد سردار علی جمالی، ایس ایس پی فاروق جمالی، ایم پی اے سردار مقیم خان کھوسو اور دیگر بھی موجود تھے۔

ای پیپر-دی نیشن