• news

حکمرانوں نے قوم کی مسائل سے توجہ ہٹانے کیلئے طالبان سے مذاکرات کا ڈرامہ رچایا: شاہ محمود

چنیوٹ+ جھنگ (نامہ نگاران) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سینئر وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام ملک کی بڑی سیاسی جماعتوں سے تنگ آچکے ہیں، پورا ملک دہشت گردی کی لپیٹ میں آ چکا ہے، ملک معاشی بحران کا شکار ہے، توانائی اور گیس بحران نے عوام کی کمر توڑ دی ہے، آنے والا وقت تحریک انصاف کا ہو گا۔ عوام غربت اور دہشت گردی سے بے حال ہیں مگر حکمرانوں کے پاس اب تک کوئی واضح پالیسی نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز چنیوٹ میں کارکنوں اور اکڑیانوالہ میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔  انہوں نے کہا حکومت کراچی کے حالات کو کنٹرول کرنے میں ناکام ثابت ہوئی ہے، حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے ملک مختلف بحرانوں کا شکار ہو رہا ہے، ملک میں خون کی ہولی کھیلی جا رہی ہے، حکومت حالات کنٹرول کرنے میں بْری طرح ناکام ہو چکی ہے۔ عمران خان تبدیلی کا نشان ہیں اور آئندہ حکومت پاکستان تحریک انصاف کی ہو گی۔ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی جماعتوں نے لوٹ مار کے سوا کچھ نہیں کیا، پی ٹی آئی کرپٹ حکمرانوں کا احتساب کرے گی۔ اس موقع پر  ڈاکٹر ابو الحسن، اعجاز چودھری، میاں شوکت علی تھہیم، مخدوم حنا انور، حاجی غلام یاسین، طارق محمود ایڈووکیٹ اور دیگر رہنمائوں نے بھی خطاب کیا۔ پی پی 81 کی انتخابی مہم کے سلسلہ میں اکڑیانوالہ میں خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود نے کہا کہ جنرل الیکشن میں جو کچھ ہوا وہ سب کے سامنے ہے، سرکاری مشینری کا بے دریغ استعمال اور دھاندلی کرنے سے  الیکشن تو جیتا جاسکتا ہے لیکن عوام کے دل نہیں۔ حمزہ شہباز شریف کا جلسہ سرکاری مشینری اور پٹواریوں کا جلسہ تھا اور اس پنڈال کو عوام نے بھرا ہے۔ 26 فروری کو پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان چنڈ بھروانہ میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ این این آئی کے مطابق شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے قوم کی دیگر مسائل سے توجہ ہٹانے کے لئے طالبان سے امن مذاکرات کا ڈرامہ رچایا جو دھیرے دھیرے اپنا اصل رنگ دکھانا شروع ہوگیا ہے۔ پوری پاکستانی قوم پر اب میاں برادران کی اصل حقیقت کھل کر سامنے آچکی ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن