• news

نثار کا سمیع الحق کو فون، مذاکرات سبوتاژ کرنے کی سازشیں ناکام بنانے پر اتفاق

اسلام آباد (آئی این پی) وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان  اور طالبان کمیٹی اور جے یو آئی (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، دونوں رہنمائوں نے مذاکرات سبوتاژ کرنے کی سازشیں ناکام بنانے پر اتفاق کیا۔ چودھری نثار نے مولانا سمیع الحق سے با ت چیت کرتے ہوئے کہا کہ طالبان نے منفی کارروائیوں سے امن مذاکراتی عمل کو شدید نقصان پہنچایا ہے، طالبان کو اس میں کوئی شک نہیں ہونا چاہئے کہ حکومت دہشت گردوں کو بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے، دہشت گردی کی کارروائیاں اور مذاکرات ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔ مولانا سمیع الحق نے کہا کہ حکومت طالبان مذاکرات ناکام ہوئے تو حالات مزید خراب ہوں گے۔ چودھری نثارنے مولانا سمیع الحق کو ٹیلیفون کیا اور حکومت طالبان مذاکرات کے معاملے پر تفصیلی گفتگو کی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ طالبان نے دہشت گردی  کر کے مذاکرات کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی، مذاکراتی عمل کی وجہ سے انکے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی، دہشت گردی کی کارروائیاں اور مذاکرات ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔ مولانا سمیع الحق نے کہا کہ دہشت گردی کا خاتمہ مذاکرات کے ذریعے کیا جائے تو اس میں بہتری ہو گی۔ طالبان سے جنگ بندی کیلئے بات کی جائے گی۔ انکا کہنا تھا کہ کئی اندورونی و بیرونی عناصر مذاکراتی عمل سے ناخوش ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن