ساہوکا: شان رسالت میں گستاخی کیخلاف شدید احتجاج، دھرنا
ساہوکا(نامہ نگار)اڈا جملیرا پر دوافراد کی جانب سے شان رسالت میں گستاخی کے خلاف مذہبی جماعتوں نے شدید احتجاج کیا، ہزاروں افراد نے جملیرا بورے والا روڈ پر تین گھنٹے تک دھرنا دیا، پولیس سے مذاکرات اور کارروائی کی یقین دہانی کے بعد مظاہرین پرامن طور پر منتشر ہو گئے۔ تفصیل کے مطابق تھانہ ساہوکا کے علاقہ اڈا جملیرا پر دوافراد حافظ یوسف اور اس کے ایک ساتھی کی جانب سے شان رسالت میں گستاخی کی گئی جس کی اطلاع پر علاقہ بھر میں شدید اشتعال پھیل گیا، بعدازاں مساجد میں اعلانات کے ساتھ لوگوں کو اڈا جملیرا پر جمع ہونے کیلئے کہا گیا۔ ساہوکا، جملیرا، بورے والا، گگو منڈی اور دیگر علاقوں سے پانچ ہزار کے قریب شہری مدینہ چوک اڈا جملیرا میں جمع ہوگئے۔ اس موقع پر صاحبزادہ پیر اقبال شاہ ، سلطان شاہ، سائیں غلام مصطفی فخری، قاری صدیق چشتی، قاری شفیق چشتی، میاں صغیر جملیرا، علامہ انوارالحق، صاحبزادہ سجاد شاہ، بابا ہاشم شاہ، علامہ قاری خیردین، ممتاز احمد، ماسٹر بشیر جملیرا، رمضان جملیرا، محمودالحسن شاہ، علی محمدجملیرا، رفیق شاہد سہو و دیگر نے خطاب کیا۔