کراچی : فیکٹری کے قریب 10 کلووزنی بم برآمد، دہشت گردی کے خطرے پر حساس تھانوں کے گرد خندقیں کھدوا دی گئیں
کراچی(این این آئی) بم ڈسپوزل سکواڈ نے سائٹ کے علاقے نورس چورنگی کے قریب دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے 10 کلو وزنی بم ناکارہ بنا دیا۔ اطلاعات کے مطابق پولیس حکام نے بتایا کہ بم ڈسپوزل سکواڈ کو ریسکیو 15 پر اطلاع ملی کہ کراچی کے سائٹ میں نورس چورنگی پر ایک گارمنٹ فیکٹری کے قریب فٹ پاتھ پر ایک مشکوک گھی کا کنستر رکھا ہوا ہے جس پر بم ڈسپوزل سکواڈ نے علاقے کا محاصرہ کیا اور بم کو ناکارہ بنایا۔ دریں اثناء شہر قائد میں دہشت گردی کے خطرے کے باعث حساس تھانوں کے اطراف خندقیں کھود دی گئیں جبکہ سکیورٹی کو بھی ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سرجانی ٹاؤن اور سہراب گوٹھ کے تھانوں کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے جبکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے اہلکاروں کی بھاری نفری کو بھی تعینات کردیا گیا ہے۔