لبنان: ایرانی کلچرل سنٹر پر 2 خودکش کار بم دھماکے‘ 5 افراد ہلاک‘ بچوں سمیت 103 زخمی
بیروت (اے ایف پی+نیوز ایجنسیاں) لبنانی دارالحکومت بیروت میں ایرانی کلچرل سنٹر کے قریب2خودکش کاربم دھماکوں میں5افراد ہلاک اور بچوں سمیت 103زخمی ہوگئے۔ کویتی سفارتخانے کے قریب بارودی مواد ایک کار اور ایک موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔بیروت کا یہ علاقہ حزب اللہ کا گڑھ ہے۔ واضح رہے کہ شام کی خانہ جنگی میں صدر بشارالاسد کی حمایت کے بعد حزب اللہ کو متعدد بار نشانہ بنایا جا چکا ہے۔ القاعدہ سے منسلک عبداللہ عزام بریگیڈ نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق ایرانی سنٹر کے سامنے دھماکوں سے علاقہ دھویں میں گھر گیا اور متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا، قریبی یتیم خانہ بھی زد میں آگیا۔کئی بچے مضروب ہوگئے۔ عینی شاہد ایک پروفیسر نے بتایا میں کار پر گزررہا تھا اچانک دھماکے ہوئے اور ہلاک ہونیوالے ایک شخص کا لوتھڑا میرے چہرے پر چپک گیا۔ وزیراعظم طمام سلام اور ایران وزارت خارجہ نے مذمت کی ہے۔ ترجمان نے کہا یہ کارروائی اسرائیل کے ایجنٹوں کی ہے۔