لاہور: لاکھوں کی وارداتیں، گوجرانوالہ میں مزاحمت پر فائرنگ، راہگیر جاں بحق
لاہور + گوجرانوالہ (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی) لاہور کے مختلف علاقوں میں ڈاکوؤں اور چوروں نے وارداتوں کے دوران متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، گاڑیاں، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لیا جبکہ گوجرانوالہ میں مزاحمت پر فائرنگ، راہگیر جاں بحق، کمسن بچے سمیت 3 افراد زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق چوروں نے نصیر آباد کے علاقہ جی او آر 6کے وزیر اعلی پنجاب کی انسپکشن ٹیم کے ممبر رانا اشفاق کے گھر سے 17لاکھ 50 ہزا روپے مالیت، نشتر کالونی کے علاقہ میں اعجاز احمد کے گھر سے 26 لاکھ روپے جبکہ سٹی رائیونڈ میں مبشر کے گھر سے 7لاکھ 50 ہزار روپے مالیتکی نقدی، طلائی زیورات اور دیگر سامان چوری کر لیا۔ ڈاکوؤں نے جنوبی چھاؤنی کے علاقہ کیو لری گراؤنڈ کے رہائشی نویدسے گن پوائنٹ پر 7لاکھ 50 ہزار روپے اور موبائل فون، گارڈن ٹاؤن میں احمد رضا سے 4لاکھ روپے اور موبائل فون، نواب ٹاؤن میں زین اسلام سے 1لاکھ روپے اور موبائل فون، ستو کتلہ میں اصغر سے 1لاکھ 75ہزار روپے اور موبائل فون، اسلام پورہ میں ریاض سے 1لاکھ 35 ہزار اور موبائل فون، جوہر ٹاؤن میں ارشاد سے 1لاکھ روپے اور موبائل فون، مسلم ٹاؤن میں یوسف سے 1لاکھ 35 ہزار روپے، موٹر سائیکل اور موبائل فون، جنوبی چھاؤنی میں بابر ندیم سے 1لاکھ روپے اور موبائل فون، فیکٹری ایریا میں سعادت سے 37ہزار روپے اور موبائل فون، ہنجر وال میں نعمان سے 60ہزار روپے اور موبائل فون، غالب مارکیٹ میں شکیل سے 85ہزار اور موبائل فون، فیصل ٹاؤن میں عتیق سے 40ہزار اور موبائل فون، گارڈن ٹاؤن میں زین حامد سے 40 ہزار اور موبائل فون لوٹ لیا۔ چوروں نے غالب مارکیٹ سے راجہ ریاض، مزنگ سے جنید، ڈیفنس بی سے ناہید کی کاریں گاڑیاں جبکہ وحدت کالونی سے اکرم، جوہر ٹاؤن سے ارشاداور باقر، شاد باغ سے احسن، راوی روڈ سے انور، اسلام پورہ سے اعجاز، لٹن روڈ سے ندیم، مغلپورہ سے اقبال، ساندہ سے اختر کی موٹر سائیکلیں چوری کر لیں۔ علاوہ ازیں گوجرانوالہ میں سرشام واردات کرنے والے ڈاکوؤں نے پٹھان کو لوٹنے کے بعد مزاحمت پر فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں راہگیر جاں بحق جبکہ کمسن بچے سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے۔ ہنگو کا امراللہ خان کاروبار کے سلسلہ میں آیا ہوا تھا جسے باجوہ روڈ کے قریب دو موٹرسائیکلوں پر سوار چار ڈاکوؤں نے سرشام روک کر اس سے زبردستی چھ لاکھ روپے نقدی چھین لی اس دوران مزاحمت ہونے پر ڈاکوؤں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی گولیوں کی زد میں آ کر امراللہ خان اور پاس سے گزرنے والے راہگیر ثناء اللہ‘ مجاہد اور کمسن زوہیب شدید زخمی ہوگئے۔ ڈاکو واردات کرکے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے مضروبین کو فوری طور پر طبی امداد کی فراہمی کے لئے ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا ثناء اللہ راستہ میں ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑگیا جبکہ مجاہد کی ہسپتال میں حالت تشویشناک بیان کی جارہی ہے۔
وارداتیں