جھلکیاں: نظریہ پاکستان کانفرنس
فرخ سعید خواجہ
٭…سہ روزہ نظریہ پاکستان کانفرنس میں بیرون ملک اور ملک بھر سے مرد و خواتین مندوبین کی بہت بڑی تعداد نے اپنا کرایہ خرچ کر کے اور لاہور میں اپنی اپنی رہائش کا خود بندوبست کر کے شرکت کی۔ ٭…کانفرنس میں معروف صحافی و شاعر اثر چوہان کا لکھا نغمہ ’’پیارا پاکستان ہمارا، پیارے پاکستان کی خیر‘‘ کازوے سکول کے بچوں نے گا کر سنایا جس پر حاضرین نے انہیں زبردست داد دی۔ ٭…نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے چیئرمین ڈاکٹر مجید نظامی کی اجازت سے سیکرٹری شاہد رشید نے اعلان کیا نظریہ پاکستان ٹرسٹ نے اثر چوہان کو ’’شاعر نظریہ پاکستان‘‘ کا خطاب دیدیا۔ ٭…ڈاکٹر مجید نظامی نے اپنی تقریر کے آغاز میں تحریک پاکستان کے کارکنوں اور نظریہ پاکستان کانفرنس کے مندوبین کو ’’مسلم لیگ کے دیوانو اور پروانو‘‘ کہہ کر مخاطب کیا۔ ٭…وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے اپنے خطاب میں حکومت اور قوم کی اس خوبصورت انداز میں ترجمانی کی کہ سیکرٹری نظریہ پاکستان ٹرسٹ نے ان کے اظہار خیال کو ایک ’’مدبر‘‘ کا خطاب قرار دیا جس کی تائید مندوبین نے زوردار تالیاں بجا کر کی۔ ٭…ڈاکٹر مجید نظامی نے خواجہ سعد رفیق کو یادگاری شیلڈ پیش کی جبکہ سابق صدر پاکستان محمد رفیق تارڑ اور تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے چیئرمین کرنل (ر) جمشید ترین نے آبروئے صحافت و چیئرمین نظریہ پاکستان ٹرسٹ کو شیلڈ پیش کی۔ ٭…سابق صدر پاکستان محمد رفیق تارڑ کو اظہار خیال کی دعوت دی گئی تو انہوں نے کہا شاہد رشید نے مجھ سے وعدہ کر رکھا تھا کہ کبھی مجھے اظہار خیال کی دعوت نہیں دینگے، وعدہ خلافی کی گئی ہے۔ ٭…نظریہ پاکستان فورم برطانیہ کے صدر غلام ربانی نے نغمہ پڑھنے والے بچوں کو پندرہ ہزار روپے نقد انعام دینے کا اعلان کیا۔ ٭…نظریہ پاکستان کانفرنس میں قائداعظمؒ کا اکتوبر 1940ء میں یونیورسٹی گرائونڈ لاہور میں کیا جانے والا خطاب سنایا گیا تو مندوبین اور حاضرین کی تالیوں سے فضا گونج اٹھی۔ ان کی تقریر کے بعد بھی لوگ دیر تک تالیاں بجاتے رہے۔ ٭…ڈاکٹر مجید نظامی نے مندوبین سے قومی عہد لیا۔