چھٹی سالانہ نظریہ پاکستان کانفرنس، ایوان کارکنان میں آج تین نشستیں ہونگی
لاہور (خصوصی رپورٹر) نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے زیراہتمام چھٹی سالانہ سہ روزہ نظریۂ پاکستان کانفرنس کے دوسرے دن ایوان کارکنان تحریک پاکستان لاہور میں پانچویں نشست کا آغاز آج بروز جمعہ دس بجے صبح ہو گا۔ اس نشست میں جنرل (ر) حمید گل ’’خطے کی صورتحال اور پاکستان کا کردار‘‘ لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم ’’پاکستان کے اندرونی و بیرونی مسائل کے ممکنہ حل‘‘ بیگم ناصرہ جاوید اقبال ’’نوجوانوں کے کردار کی معمار- خواتین ہیں‘‘۔ پروفیسر عطاء الرحمن‘ مدیر روزنامہ نئی بات ’’متحدہ پاکستان کے حامیوں کے خلاف بنگلہ دیش میں عدالتی سزائیں‘‘۔ اوریا مقبول جان‘ سیکرٹری آرکائیوز اینڈ لائبریریز (پنجاب) ’’الیکٹرانک میڈیا پر بھارتی ثقافتی یلغار اور ہماری ذمہ داریاں‘‘۔ مجیب الرحمن شامی ایڈیٹر انچیف روزنامہ پاکستان ’’پاکستان ناگزیر تھا‘ ناگزیر ہے‘ ناگزیر رہے گا‘‘ کے موضوعات پر خطاب کریں گے جبکہ چھٹی نشست کا آغاز نماز جمعہ کے بعد 3 بجے سہ پہر ہو گا اس نشست کا کلیدی موضوع ’’اقبال کا شاہین اور آج کا نوجوان‘‘ ہو گا۔ اس نشست سے رانا محمد ارشد صوبائی پارلیمانی سیکرٹری ’’جوانوں کو پیروں کا استاد کر‘‘ کے موضوع کے تحت خطاب کریں گے۔ ساتویں نشست جو علماء و مشائخ پر مشتمل ہو گی کا آغاز 5:30 بجے شام ہو گا اس کی صدارت جسٹس (ر) میاں محبوب احمد کریں گے۔ اس نشست کا موضوع ’’برصغیر میں دو قومی نظریہ کا احیاء اور تحریک پاکستان میں صوفیائے کرام اور علماء و مشائخ کا کردار‘‘ ہے۔ جبکہ مہمانان خاص صاحبزادہ میاں ولید احمد جواد شرقپوری نقشبندی مجددی‘ صاحبزادہ پیر احمد مصطفین حیدر شاہ‘ پیر اعجاز ہاشمی اور قاری زوار بہادر ہوں گے۔