بھارتی آرمی چیف بڑھکیں نہ ماریں‘ ہم بھی ایٹمی طاقت ہیں : وزیراعظم آزاد کشمیر
کوٹلی (آن لائن) آزاد جموں وکشمیرکے وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ سیز فائر لائن پر بھارت کی طرف سے دیواربندی کے ناپاک منصوبوںکے خلاف اگلے ماہ عالمی سطح کی کانفرنس کا انعقاد کرانا چاہتا ہوں جس میںدونوںاطراف اوردنیابھر سے کشمیری قیادت شریک ہوگی ۔پانی کے قدرتی بہائو کی سمت تبدیل کرنا عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے جوبھارت کھلے عام کر رہا ہے آمر ایوب خان نے بھارت کے ساتھ آبی معاہدوں میں بلنڈرکیا جس کا آج ہمیں خمیازہ بھگتنا پر رہا ہے ریاست جموںوکشمیر،گلگت بلتستان، لداخ،جموں، کشمیر اور آزادکشمیر پرمشتمل ایک اکائی کانام ہے، آزاد کشمیر کو صوبہ بنانے کی باتیںکرنے والے بھارت کی زبان بول رہے ہیں ہماری زندگیوں میں ایسا نہیں ہو سکتا مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے کشمیریوں کی آراء کا احترام کرنا ہوگا۔ انڈین آرمی چیف بڑھکیں نہ مارے ہم بھی نیو کلیئر پاور ہیں ،ہماراایک فوجی جوان بھارت کے 10ہزار فوجیوں پر بھاری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ڈبلیوڈی ریسٹ ہائوس میںالیکٹرانک چینلز اور پرنٹ میڈیا سے تعلق رکھنے والے ڈسٹرکٹ پریس کلب کے ممبران سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہاکہ مجھ پرکرپشن کے الزامات لگانے والے سپریم کورٹ میں جائیں میں ننگے پائوں عدالت جانے کو تیار ہوں اگر قصوروار ثابت ہوا تو ہرسزا بھگتنے کوتیار ہوں انہوں نے کہاکہ پاکستانی قوم اور ساری سول سوسائٹی نے ہمارا بھرپور ساتھ دیا مگر پاکستان میں شخصی آمریتوںکے باعث کشمیرکا مقدمہ خراب ہوا ہم اپنا موقف عالمی سطح پر صحیح انداز سے نہ پہنچا سکے۔ انہوں نے کہاکہ افضل گوروکی پھانسی پر میں نے ساری قیادت کو اکٹھاکیا اب اگلے ماہ پھرعالمی سطح کی کانفرنس کی کال دے رہا ہوں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان جل رہاہے دعاکرتاہوںکہ طالبان سے مذاکرات کامیاب ہوں مگر ہم کسی کو پاکستان کاآئین پامال نہیںکرنے دینگے کسی کی ڈکٹیشن نہیں لیںگے، دہشت گرد ہماری خاموشی کاامتحان نہ لیں ۔انہوں نے کہاکہ معاشی خودمختاری سے ملک خودمختارہوتے ہیں۔ پاکستان میں امن ہوگا تو خوشحالی آئیگی استحکام آئے گا۔