• news

سپریم کورٹ کا پنجاب میں اقلیتوں کی عبادت گاہوں کو سکیورٹی پر اظہار اطمینان

اسلام آباد (آن لائن) سپریم کورٹ نے پنجاب میں اقلیتوں کی عبادت گاہوں کو سکیورٹی فراہم کرنے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے جبکہ کراچی کے ہندو جم خانہ سے متعلق ہندو کونسل سے اس معاملے میں اب تک ہونے والی عدالتی کارروائی کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے اقلیتوں کو درپیش مختلف مشکلات سے متعلق کیس کی سماعت کی تو ایڈووکیٹ جنرل پنجاب مصطفیٰ رمدے نے پیش ہو کر رپورٹ پیش کی اور عدالت کو بتایا کہ صوبہ پنجاب میںاقلیتوںکی جانب سے اس حوالے سے کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی۔ صوبہ میں اقلیتوں کی 77 عبادت گاہوں کو سکیورٹی فراہم کی جارہی ہے جو لاہور، گوجرانوالہ، ملتان اور بہاولپور میں واقع ہیں۔ اس موقع پر اقلیتوں کے نمائندے ڈین آف لاہور شہاد ڈی میراج نے تسلیم کیا کہ سکیورٹی دی جارہی ہے تاہم اس میں مزید بہتری کی ضرورت ہے جس پر عدالت نے صوبہ کی رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اقلیتوں کے نمائندے سے کہاکہ وہ اس سلسلے میں ایڈووکیٹ جنرل سے رابطہ کر سکتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن