قلات: دو مسلح گروپوں میں تصادم، 8 افراد جاں بحق، متعدد زخمی
کوئٹہ (آن لائن+ ثناء نیوز) کوئٹہ میں بسمیعہ پوسٹ کے قریب مسلح گروپوں میں تصادم کے باعث 8 افراد جاں بحق ، متعدد زخمی ہوگئے۔ قلات اور گردونواح میں حالات کشیدہ ہو گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کوئٹہ میں بسمیہ چیک پوسٹ کے قریب جمعرات کے روز دو مسلح گروپوں کے درمیان تصادم ہوگیا اور دونوں اطراف سے بھاری ہتھیاروں کے ذریعے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ اس واقعہ میں آٹھ افراد جاں بحق اور متعدد زخمی بھی ہوئے۔ لیویز ذرائع کے مطابق دونوں گروپوں کے درمیان شدید کشیدگی پائی جاتی ہے۔ یہ واقعہ قلات سے 5کلومیٹر دور بسمیہ چیک پوسٹ کے قریب پیش آیا۔ یہ پہاڑی علاقہ ہے جہاں دونوں گروپوں کے مسلح افراد نے مورچہ زن ہو کر بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا۔ سکیورٹی فورسز کو جائے وقوعہ تک جانے میں کافی مشکلات پیش آئیں تاہم سکیورٹی فورسز نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر حالات پر قابو پا لیا۔ زخمیوں کو واران ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ فائرنگ کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔