• news

پوری قوم ساتھ ہے‘ دہشت گردوں کیخلاف آپریشن کی صورت میں 100 فیصد کامیابی ہو گی : قائم مقام صدر

لاہور (آئی این پی) قائم مقام صدر مملکت  و سپیکر  قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کی صورت میں 100فیصد کامیابی ہو گی ‘پاک افواج اور دیگر سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں قر بانیاں دیں پوری قوم سکیورٹی فورسز کے ساتھ ہے ‘حکو مت مذاکرات کی حامی ہے مگر کسی کو سکیورٹی اہلکاروں اور بے گناہ عوام کو دہشت گردی کی کارروائیوں میں مارنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی‘ دہشت گر دی کا خاتمہ اور امن کی مکمل بحالی حکو مت کی اولین ترجیح ہے۔ لاہور میں  میاں  میر دربار  پر  حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے  سردار ایاز صادق  نے کہا کہ  حکومت نے  مکمل نیک نیتی سے دہشت گردی کے خاتمے اور امن کیلئے طالبان سے مذاکرات کا آغاز کیا مگر طالبان کی جانب سے ایف سی اہلکارو ں کو قتل کر کے خود ہی مذاکرات کا قتل کیا گیا‘ مذاکرات اور دہشت گردی ایک ساتھ نہیں چل سکتے اور پاکستانی افواج دہشت گردوں سے نمٹنے کیلئے مکمل طور پر تیار ہے۔ ایک سوال کے جواب میں سردار ایاز صادق نے کہا کہ حکومت کی آخری وقت تک یہ کوشش ہے کہ مذاکرات کو کامیاب بنایا جائے مگر اب بال طالبان کے کورٹ میں ہے اگر طالبان بے گناہ سکیورٹی اہلکاروں کا قتل بھی کر ے اور مذاکرات بھی تو یہ ممکن نہیں ہو سکتا اور دہشت گردوں کے خلاف جوابی کارروائی سکیورٹی فورسز کا حق ہے۔

ای پیپر-دی نیشن