خیبرپی کے اسمبلی: منور حسن کے بارے میں نگہت اورکزئی کے ریمارکس پر ہنگامہ
پشاور (نوائے وقت رپورٹ+اے پی پی) خیبرپی کے اسمبلی میں امیر جماعت اسلامی منور حسن کے بارے میں نگہت اورکزئی کے ریمارکس پر ہنگامہ آرائی ہو گئی۔ نگہت اورکزئی کے ریمارکس پر جماعت اسلامی دیر کے رکن محمد علی نے اسمبلی میں احتجاج کیا۔ انہوں نے کہا نگہت اورکزئی اخلاقی حدود میں رہ کر بات کریں۔ نگہت اورکزئی نے کہا کہ حکیم اللہ محسود سینکڑوں بے گناہوں کا قاتل تھا۔ اپوزیشن لیڈر سردار مہتاب احمد خان نے کہا ہے کہ صوبہ کے زمینی حقائق سے لودھراں اور بنی گالہ والے بے خبر ہیں وہاں سے ڈائریکشن ملیں گی تو حالات ٹھیک نہیں ہوں گے۔ خیبرپی کے میں امن قائم ہو گا تو پورے ملک میں امن قائم ہو گا مگر افسوس کہ خیبرپی کے بدترین بدامنی کا شکار ہے اور حکمران آنکھیں بند کر کے بیٹھے ہوئے ہیں۔ صوبائی وزیر مال علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ پٹوار خانوں سے کرپشن کا مکمل طور پر خاتمہ کردیا ہے آئندہ تین سالوں کے اندر محکمہ مال کا تمام نظام کمپیوٹرائزڈ کر دیا جائے گا۔ 12 سالوں میں پرکشش عہدوں پر تعینات رہنے والے پٹواریوں کی فہرستیں مرتب کر رہے ہیں انہیں ہٹا کر نئے چہروں کو سامنے لائیں گے۔