• news

دہشتگردوں کیخلاف طاقت کا استعمال ضروری ہے، قبائل ساتھ دیں: ضیاء الدین بٹ

لاہور (خبر نگار) آئی ایس آئی کے سابق سربراہ جنرل (ر) ضیاء الدین بٹ نے کہا ہے کہ پاکستان نے مذاکرات کا راستہ نہیں چھوڑا۔ پاکستان میں دہشت گردی کرنیوالوں کے خلاف آپریشن بھی ہو رہا ہے اور انٹیلی جنس آپریشن بھی ساتھ ساتھ چل رہا ہے۔ دہشت گردوں کے خلاف طاقت کا استعمال بے حد ضروری ہے ورنہ وہ سمجھیں گے وہ جیت گئے۔ وہ میر علی میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے حوالے سے نوائے وقت سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں افغان انٹیلی جنس دہشت گردی میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے اور اسے بھارتی ایجنسی را کی مکمل مدد حاصل ہے۔ ہمیں ان دونوں ایجنسیوں کے ایجنٹوں کے خلاف کارروائی کرنا ہو گی۔ پاکستان کو بیک وقت کئی ٹریک پر کام کرنا ہو گا۔ مذاکرات اور آپریشن دونوں کرنا ہوں گے۔ انہوں نے کہا ہمیں حقائق کی دنیا میں رہنا چاہئے۔ یہی قبائل پاکستان کے اولین دن سے مغربی سرحدوں کے نگہبان تھے۔ انہیں دوبارہ ان کا اصل کردار لوٹانا ہو گا۔ قبائل کو خود بھی دہشت گردوں سے چھٹکارہ حاصل کرنے کے لئے جدوجہد کرنا ہو گی اور حکومت کا ساتھ دینا ہو گا۔

ای پیپر-دی نیشن