مقبوضہ کشمیر: بھارتی فوج کی فائرنگ سے ایک اور کشمیری شہید‘ زبردست مظاہرے‘ جھڑپیں‘ بیسیوں زخمی
سرینگر (آن لائن+اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں ایک اور کشمیری شہید‘ چرار شریف اور گردونواح میں احتجاجی مظاہرے پھوٹ پڑے‘ جھڑپوں کے دوران بیسیوں افراد زخمی‘ علاقے میں صورتحال انتہائی کشیدہ ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی سکیورٹی فورسز نے چرار شریف کے قصبہ پلوامہ میں اچانک دھاوا بول دیا اور فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں ایک مقامی نوجوان شہید ہوگیا جس کی شناخت توصیف احمد کے نام سے ہوئی ہے۔ بھارتی فوج نے الزام لگایا کہ توصیف کا تعلق حزب المجاہدین سے تھا اور وہ جہادی سرگرمیوں میں مصروف رہا۔ پلوامہ میں کرفیو توڑتے ہوئے بچوں اور خواتین نے بھارت کیخلاف زبردست مظاہرے کئے‘ شدید نعرے بازی‘ بھارتی فوجیوں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا۔ سید علی گیلانی، محمد یاسین ملک، یاسمین راجہ اور سید بشیر اندرابی نے مظاہرین پر تشدد کی شدید مذمت کی۔