فصیح اقبال کی نماز جنازہ کراچی میں ادا کر دی گئی، آج کوئٹہ میں تدفین ہوگی
کراچی+ لاہور (نیوز رپورٹر+ خصوصی رپورٹر) ممتاز صحافی‘ کالم نگار‘ سابق وفاقی وزیر و سینیٹر فصیح اقبال کی نماز جنازہ بعد نماز جمعہ بلال مسجد گلستان جوہر میں ادا کی گئی جس کے بعد میت کو تدفین کیلئے کوئٹہ روانہ کر دیا گیا۔ نماز جنازہ میں سی پی این ای اور اے پی این ایس کے عہدیداروں سید سرمد علی‘ مجیب الرحمن شامی‘ جاوید جبار‘ قاضی اسد عابد‘ نصیر ہاشمی‘ جبار خٹک‘ پریس کونسل کے سربراہ راجہ شفقت عباسی سمیت صحافیوں اور مرحوم کے لواحقین‘ عزیز و اقارب کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مرحوم کو آج (ہفتہ) کوئٹہ میں سپرد خاک کیا جائیگا۔ صدر مملکت ممنون حسین نے فصیح اقبال کے انتقال پر گہرے رنج وغم کا اظہارکیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے سینئر صحافی، اے پی این ایس اور سی پی این ای کے سابق صدر، ’’بلوچستان ٹائمز‘‘ اور روزنامہ ’’زمانہ‘‘ کے ایڈیٹر انچیف سید فصیح اقبال کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ قائمقام صدر سید نئیر حسین بخاری و قائمقام چیئرمین سینٹ صابر علی بلوچ، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور ڈپٹی سپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی، وزیر اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ سنیٹر پرویز رشید، راجہ محمد ظفر الحق نے سابق سنیٹر اور سینئر صحافی سید فصیح اقبال کی وفات پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔