فصیح اقبال نے اخباری مالکان اور ایڈیٹرز کی تنظیموں میں سرگرم کردار ادا کیا: ڈاکٹر مجید نظامی
لاہور+ کراچی (خصوصی رپورٹر+ پ ر) نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے زیر اہتمام ایوان کارکنان تحریک پاکستان جاری چھٹی سہ روزہ سالانہ نظریۂ پاکستان کانفرنس کی پانچویں نشست کے دوران اجلاس کی کارروائی روک کر ٹرسٹ کے بورڈ آف گورنرز کے انتہائی فعال رکن‘ سابق سینیٹر‘ اے پی این ایس اور سی پی این ای کے سابق صدر‘ روزنامہ زمانہ اور ڈیلی بلوچستان ٹائمز کوئٹہ کے ایڈیٹر انچیف سید فصیح اقبال کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا گیا۔ انکے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی، نیز صحافت‘ صوبائی ہم آہنگی اورقومی یکجہتی کے ضمن میں انکی خدمات پر زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔ ڈاکٹر مجید نظامی نے کہا کہ ہم توقع کر رہے تھے کہ سید فصیح اقبال اس کانفرنس میں شریک ہو کر خطاب بھی کریں گے لیکن اﷲ کو کچھ اور ہی منظور تھا اور اس نے انہیں اپنے پاس بلا لیا۔ انکا شمار وطن عزیز کے سینئر ایڈیٹرز میں ہوتا تھا۔ اخبارات کے مالکان اور ایڈیٹرز کی تنظیموں میں انہوں نے سرگرم کردار ادا کیا۔ میری دعا ہے کہ اﷲ تعالیٰ انہیں غریق رحمت فرمائے اور انکے بہن بھائیوں کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے سیکرٹری شاہد رشید نے مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ فصیح اقبال مرحوم نظریۂ پاکستان کے بہت بڑے علمبردار تھے اور بلوچستان میں انہیں نظریۂ پاکستان کی مضبوط علامت تصور کیا جاتا تھا۔ وہ نوجوان نسل میں نظریۂ پاکستان کے فروغ کیلئے انتھک محنت کر رہے تھے۔ وہ قائداعظمؒ کے سچے عاشق تھے۔ علاوہ ازیں سی پی این ای کے صدر مجیب الرحمن شامی اور سیکرٹری جنرل ڈاکٹر جبار خٹک نے سید فصیح اقبال کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے صحافت کے شعبہ میں نصف صدی سے زائد عرصہ پر محیط انکی گرانقدر خدمات کو طویل عرصہ تک فراموش نہیں کیا جاسکے گا۔ تعز یتی پیغام میں مرحوم کے پسماندگان سے د لی تعزیت کا اظہارکرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مرحوم نے آزادی صحافت، جمہویت، تعلیم اور انسانی حقوق کے تحفظ کی جدوجہد کی سرگرمیوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا تھا۔ فصیح اقبال کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے سی پی این ای کے دفتر میں تعزیتی اجلاس آج ہفتہ کو اڑھائی بجے ہوگا۔