• news

ائر فورس فضائی کے ساتھ نظریاتی سرحدوں کی حفاظت بھی کر رہی ہے: ائر چیف

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاک فضائیہ کے سربراہ ائر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ نے کہا ہے کہ فضائیہ ملک کی فضائی سرحدوں کے علاوہ نظریاتی سرحدوں کی بھی حفاظت کا فریضہ سرانجام دے رہی ہے۔ فضائیہ کے پریس ریلیز کے مطابق انہوں نے راشد آباد میں سرگودھینز سپرٹ ٹرسٹ کے نویں یوم تاسیس کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ سرگودھینز سپرٹ ٹرسٹ جیسے تعلیمی نظام ’’بچے قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہیں‘‘ کے نظریہ پر قائم ہیں۔ نوجوان نسل کو مناسب رہنمائی ملے تو ان میں آگے بڑھنے کی بہترین صلاحیت اجاگر ہوتی ہے۔ یہاں نوجوان نسل کو قومی مقاصد کے تناظر میں بہترین تعلیم و تربیت فراہم کی جا رہی ہے جس میں ان کی شخصیت کو سنوارنے کیلئے اخلاقی اور سماجی تربیت پر بھی زور دیا جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گرنا شکست نہیں بلکہ دوبارہ اٹھنے کی کوشش نہ کرنا شکست ہے۔ ہمیشہ یاد رکھیں کہ عظمت ہمیشہ ذاتی مثال، بے داغ کردار اور صحیح اور غلط کی پہچان میں پوشیدہ ہے۔ آپ کے قول و فعل میں تضاد نہیں ہونا چاہئے پس اس طرح آپ اپنے آپ کو اس ملک کے معزز شہری بنا سکتے ہیں۔ انہوں نے ٹرسٹ کے قیام میں اپنی خدمات کا حوالہ دیتے ہوئے اس بات پر فخر کا اظہار کیا کہ پاک فضائیہ ملک کی فضائی سرحدوں کے ساتھ ساتھ ملک کی نظریاتی سرحدوں کی حفاظت میں بھی کامیاب و کامران ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن